موجودہ دورمیں محکمہ انرجی اینڈ پاور کی اہمیت مزیدبڑھ گئی ہے،جسٹس (ر) دوست محمد خان

محکمے کو روایتی طریق کار سے ہٹ کر اپنے کام میں جدت اور سرعت لانا ہو گی تاکہ شعبہ توانائی میں مطلوبہ اہداف حاصل کئے جا سکیں،نگرا ن وزیراعلیٰ کے پی کے عظیم قدرتی نعمت پانی کو ضائع ہونے سے بچانے، بجلی کے منصوبوں کو جلد ازجلد قابل عمل بنا کر سسٹم میں لانے کی بھی ہدایت

ہفتہ 23 جون 2018 20:51

موجودہ دورمیں محکمہ انرجی اینڈ پاور کی اہمیت مزیدبڑھ گئی ہے،جسٹس (ر) ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 جون2018ء) خیبرپختونخوا کے نگرا ن وزیراعلیٰ جسٹس (ر) دوست محمد خان نے کہا ہے کہ موجودہ دورمیں محکمہ انرجی اینڈ پاور کی اہمیت مزیدبڑھ گئی ہے۔اس محکمے کو روایتی طریق کار سے ہٹ کر اپنے کام میں جدت اور سرعت لانا ہو گی تاکہ شعبہ توانائی میں مطلوبہ اہداف حاصل کئے جا سکیں۔ انہوںنے عظیم قدرتی نعمت پانی کو ضائع ہونے سے بچانے کی ہدایت کی اور کہا کہ اس سے نہ صرف آبپاشی کیلئے اضافی پانی دستیاب ہو گا بلکہ بجلی کی پیداوار بھی بڑھے گی انہوںنے بجلی کے منصوبوں کو جلد ازجلد قابل عمل بنا کر سسٹم میں لانے کی بھی ہدایت کی تاکہ اسے بہترین عوامی مفاد میں استعمال کیا جا سکے۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں محکمہ انرجی اینڈ پاور کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں خیبرپختونخوا کے وزیر انرجی اینڈ پاور فضل الٰہی، پرنسپل سیکرٹری ٹو وزیراعلیٰ شہاب علی شاہ، سیکرٹری انرجی اینڈ پاور سلیم خان ، پیڈو اور اوجی سی ایل کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ انہوںنے کہاکہ محکمہ انرجی اینڈ پاور روایتی طریق کارسے ہٹ کر کام کی رفتار کو تیزکرے۔

نگران وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ ہمارا صوبہ قدرتی وسائل سے مالا مال ہے اس میں ایسی جگہ تلاش کریں کہ جہاں 5 یا10 میگاواٹ یا اس سے بھی زیادہ بجلی پیدا کی جا سکے تاکہ ملک کو بجلی کے موجودہ بحران سے نکالنے میں مدد مل سکے ۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ منصوبوں کی فیزیبلٹی اور ڈیزائن کو قابل عمل بنایا جائے تاکہ تکمیل کے بعد ان کی افادیت میں زیادہ سے زیادہ اضافہ ہو۔

وزیراعلیٰ نے ہدایت کی مقامی یوتھ جو کہ انجینئرنگ یونیورسٹیوں سے فارغ التحصیل ہیں ، کی بھرتی کا طریق کاروضع کیا جائے تاکہ ان کی تعلیمی صلاحیتوں اور توانائیوں کو بروئے کار لایا جا سکے۔نگران وزیراعلیٰ نے کہاکہ محکموں میں سزا اور جزا کا عمل ہونا چاہیے تاکہ اچھی کارکردگی والے حکام کو انعام کا حقدار قراردیا جائے اور اس کے برعکس غفلت برتنے والوں اور حکومتی خزانے کو نقصان پہنچانے والوں کو قرار واقعی سزادی جا سکے ۔

نگران وزیراعلیٰ نے کہاکہ آج ہمیں توانائی کی پیداوار کو بڑھانے کی ضرورت ہے تاکہ آئندہ آنے والی نسلوں کو ایک خوشحال زندگی میسر آئے ۔نگران وزیراعلیٰ نے گیس کی چوری اور ضیاع کو روکنے کیلئے جدید طریق کار وضع کرنے کی بھی ہدایت کی تاکہ اس قدرتی تحفے کو بہتر سے بہتر طریقے سے استعمال کیا جاسکے۔ انہوںنے یہ بھی ہدایت کی کہ پیڈو اور او جی سی ایل کو جدید طرز پر کام کرنا چاہئے۔ اس موقع پر نگران وزیر اعلیٰ کو بجلی کے مکمل اور جاری منصوبوں اور محکمے کی کارکردگی کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔