مسلم لیگ ن کی چوہدری نثار پر نوازشات

مسلم لیگ ن نے چوہدری نثار کے بہنوئی آصف ملک کو پی پی 3 اٹک سے ٹکٹ دے دیا گیا،چوہدری نثار کے خلاف کسی امیدوار کو ٹکٹ نہیں دیا

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس ہفتہ 23 جون 2018 19:43

مسلم لیگ ن کی چوہدری نثار پر نوازشات
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار-23جون 2018ء) :چوہدری نثار کی پریس کانفرنس کام کر گئی،مسلم لیگ ن کی چوہدری نثار پر نوازشات جاری ہیں۔ مسلم لیگ ن نے چوہدری نثار کے بہنوئی آصف ملک کو پی پی 3 اٹک سے ٹکٹ دے دیا گیا،چوہدری نثار کے خلاف کسی امیدوار کو ٹکٹ نہیں دیا۔تفصیلات کے مطابق چوہدری نثار کو مسلم لیگ ن میں ایک ستون کی حیثیت حاصل ہے۔انکی مسلم لیگ ن کے ساتھ 35سالہ رفاقت کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہے۔

انہوں نے مشکل سے مشکل حالات میں جس طرح پارٹی کے ساتھ وفاداری قائم رکھی اسکی پاکستانی سیاست میں مثال کم ہی ملتی ہے۔انہوں نے پارٹی کے سیاسی نشیب و فراز میں پارٹی اور پارٹی قیات کا مکمل ساتھ دیا لیکن ہر حال میں ساتھ چلنے والے چوہدری نثار اب مسلم لیگ ن سے ناراض ناراض نظر آتے ہیں ۔

(جاری ہے)

پانامہ کیسسز اور اس کے بعد کی صورتحال میں پارٹی قیادت کی جانب سے جو اقدامات اٹھائے گئے ،سابق وزیر داخلہ کسی صورت بھی ان سے متفق ہونے پر راضی نہیں۔

اس لیے بارہا ایسا موڑ بھی آیا کہ جس پر تبصرہ کرتے ہوئے سیاسی پنڈتوں کا کہنا تھا کہ شائد سابق وزیر داخلہ پارٹی کو خیرباد کہہ دیں۔تاہم مسلم لیگ ن کے ساتھ چوہدری نثار کے تعلقات اتار چڑھاو کے ساتھ موجود ہیں۔اس دوران کبھی لیگی قیادت چوہدری نثار پر چڑھائی کردیتی ہے تو کبھی چوہدری نثار مسلم لیگ ن کی قیادت بالخصوص نواز شریف پر۔اسی باعث آئندہ الیکشن میں چوہدری نثار کا ٹکٹ بھی کھٹائی میں پڑی ہوئی تھی۔

کبھی چوہدری نثار کہتے ہیں کہ انہیں مسلم لیگ ن کے ٹکٹ کی ضرورت نہیں تو کبھی لیگی قیادت چوہدری نثار کو ٹکٹ دینے کے لیے درخواست کی ڈیمانڈ کرتی ہے۔تاہم گزشتہ روز چوہدری نثار کی جانب سے کی گئی پریس کانفرنس جس میں انہوں نے ڈھکے چھپے الفاظ میں لیگی قیادت کے لیے نرم گوشہ ظاہر کر دیا ،جس کے بعد ن لیگ نے بھی چوہدری نثار کے لیے نرم گوشہ ظاہر کرتے ہوئے ان پر عنایات کی بارش کر دی ہے۔

ایک جانب مسلم لیگ ن نے چوہدری نثار کے دونوں حلقوں این اے 59 اور این اے 63 میں کسی بھی لیگی امیدوار کو ٹکٹ نہ دینے کا اعلان کیا ہے تو دوسری جانب مسلم لیگ ن نے پی پی 3 اٹک سے سابق وزیر داخلہ کے بہنوئی آصف ملک کو ٹکٹ دے دیا گیا۔یاد رہے کہ آج مسلم لیگ ن نے پنجاب میں اپنے ٹکٹ ہولڈرز کا اعلان کردیا ہے جس کے مطابق لودھراں سمیت 25 نشستوں پر امیدواروں کا اعلان نہیں کیا گیا ۔