ارجنٹائن کی شکست پر میسی کے بھارتی مداح نے خود کشی کرلی

میں نے جو کچھ دیکھنا تھا سب دیکھ لیا، اب یہاں دیکھنے کو کیا ہے، گہرائیوں میں چھلانگ رہا ہوں ،ْ آخری تحریر

ہفتہ 23 جون 2018 19:49

ارجنٹائن کی شکست پر میسی کے بھارتی مداح نے خود کشی کرلی
نئی دہلی/کیرالہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جون2018ء) ورلڈ کپ میں ارجنٹینا کی کروشیا کے ہاتھوں بدترین شکست سے دلبرداشتہ ہو کر لیونل میسی کے ایک بھارتی مداح نے دریا میں کود کر خود کشی کر لی۔ورلڈ کپ 2018 کے اہم میچ میں لیونل میسی اور ان کی ٹیم ارجنٹائن بالکل آؤٹ آف فارم نظر آئے اور کروشیا نے انہیں باآسانی 3-0 سے شکست دے کر ٹورنامنٹ کے پہلے ہی راؤنڈ سے اخراج کے خطرے سے دوچار کردیا ہے۔

ارجنٹائن کی اس بدترین کارکردگی اور شکست سے دنیا بھر میں لیونل میسی کے شائقین کو شدید مایوسی اور صدمہ ہوا تاہم بھارت کے شہر کیرالہ میں عالمی شہرت یافتہ سپر اسٹار کا ایک مداح یہ صدمہ برداشت نہ کر سکا۔کیرالہ کے ضلع کوٹایم سے تعلق رکھنے والے ڈینو ایلکس لیونل میسی کے بہت بڑے مداح تھے اور ارجنٹائن اور میسی کی مایوس کن کارکردگی سے دلبرداشہ ہو کر انہوں نے مبینہ طور پر دریا میں کود کر خودکشی کر لی۔

(جاری ہے)

ڈینو آخری مرتبہ ارجنٹینا کا میچ دیکھتے ہوئے پائے گئے تھے تاہم اس کے بعد سے غائب ہیں لہٰذا یہ مانا جا رہا ہے کہ وہ ارجنٹائن کی شکست کا صدمہ برداشت نہ کر سکے اور خودکشی کر لی۔انہوں نے مبینہ خودکشی سے قبل ملیالم میں لکھے گئے اپنے خط میں کہا کہ میں نے جو کچھ دیکھنا تھا سب دیکھ لیا، اب یہاں دیکھنے کو کیا ہے، میں گہرائیوں میں چھلانگ رہا ہوں۔رپورٹس کے مطابق میچ سے قبل ڈینو میچ سے قبل میسی کی ٹی شرٹ بھی خرید کر لائے تھے اور انہیں خدشہ تھا کہ اگر وہ میچ ہار گئے تو ان کے دوست ان کا بہت مذاق اڑائیں گے۔پولیس نے نجی کمپنی میں اکاؤنٹنٹ کی حیثیت سے کام کرنے والے نوجوان کی لاش کی تلاش شروع کرتے ہوئے ڈینو کے والدین کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا ۔