متحدہ مجلس عمل ملک بھر میں عام انتخابات میں تاریخ ساز کامیابی حاصل کرے گی ‘لیاقت بلوچ

25 جولائی کو اسلامیان پاکستان اسلامی و خوشحال پاکستان کے لیے اسلامی انقلاب کی بنیاد رکھیں گے ‘تقریب سے خطاب

ہفتہ 23 جون 2018 19:35

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جون2018ء) متحدہ مجلس عمل اور جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہاکہ متحدہ مجلس عمل ملک بھر میں عام انتخابات میں تاریخ ساز کامیابی حاصل کرے گی ، 25 جولائی کو اسلامیان پاکستان اسلامی و خوشحال پاکستان کے لیے اسلامی انقلاب کی بنیاد رکھیں گے ۔رضا بلاک ، علامہ اقبال ٹائون ، یوسی 214 میں کارنر میٹنگز سے خطاب کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ متحدہ مجلس عمل کا انتخابی منشور عوام کی فلاح و بہبود کا مظہر اور ملکی سلامتی و قومی اداروں کی عزت و تکریم کاپیش خیمہ ہے ۔

ماضی کی حکومتوں اور حکمرانوں نے پاکستان کی ہر فورم پر بے توقیری کی ہے ۔ متحدہ مجلس عمل اقوام عالم میں پاکستان کی عزت و وقار میں اضافہ کرے گی ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ متحدہ مجلس عمل کی حکومت میں پانچ بیماریوں دل ، کینسر ، ہیپاٹائٹس ، تھلیسمیا ، گردوں کے امراض کا مفت علاج ہوگا ۔ اشیائے خورد و نوش آٹا ،گھی ، دالیں ، چینی سمیت مختلف ضروریات زندگی کی اشیا کی قیمتوں میں نمایاں کمی کی جائے گی اور پٹرولیم مصنوعات پر غیر ضروری ٹیکسز کا خاتمہ کرکے فی لٹر تیل کی قیمت کم کرے گی ۔

انہوں نے کہاکہ متحدہ مجلس عمل کی ماضی کی KpK میں حکومت ہر حوالے سے مثالی تھی جسے صوبے کے عوام آج بھی سراہتے ہیں ۔ ان شاء اللہ متحدہ مجلس عمل ملک گیر کامیابی حاصل کرے گی اور عوام کی منشا کے مطابق ملک کا انتظام و انصرام چلائے گی ۔ کارنر میٹنگز سے یو سی 214 سے کونسلر سمیع الرحمن ، خالد عثمان ، احمد سلمان ، ڈاکٹر اعجاز نذیر ، پرویز اقبال ، ریاض احمد فیضی نے بھی اظہار خیال کیا ۔