عوام 25جولائی کوسیاسی مسافروں کوروانہ کردیں گے،چوہدری نثار

الیکشن میں ایک لاکھ 72ہزار ووٹوں سے کامیابی ہوگی،میں نے عزت کی سیاست کی،سرنہیں جھکایا، میں کسی ٹکٹ کا محتاج نہیں ہوں،کسی کوشک ہے تو25جولائی کودیکھ لینا ،عوام مخالفین کی ضمانتیں ضبط کروائیں گے۔چک بیلی میں عوامی جلسے سے خطاب

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 23 جون 2018 19:22

عوام 25جولائی کوسیاسی مسافروں کوروانہ کردیں گے،چوہدری نثار
ٹیکسلا(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔23 جون 2018ء) : پاکستان مسلم لیگ ن کے ناراض مرکزی رہنماء اور سابق وزیرداخلہ چوہدری نثار نے کہا ہے کہ 25 جولائی کو سیاسی مسافروں کوروانہ کردیں گے،الیکشن میں ایک لاکھ 72 ہزار ووٹوں سے کامیابی ہوگی، میں نے عزت کی سیاست کی، سرنہیں جھکایا، میں کسی ٹکٹ کا محتاج نہیں ہوں،کسی کوشک ہے تو25 جولائی کودیکھ لینا، عوام مخالفین کی ضمانتیں ضبط کروائیں گے۔

انہوں نے آج چک بیلی میں عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہاں جلسوں کا رواج نہیں ہے۔25 جولائی کومخالفین کوشکست ہوگی۔عوام نے بڑا جلسہ کرکے ثابت کردیا اور مخالفین کے دلوں میں دہشت ڈال دی ہے۔سیاسی مخالفوں کوانشاء اللہ ان کوبے یارومدگار یہاں سے روانہ کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ایک لاکھ اڑتیس ہزار ووٹوں سے نوازا۔

(جاری ہے)

لیکن اس الیکشن میں ایک لاکھ72ہزار ووٹوں سے کامیابی ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ میں نے عزت سے سیاست کی، کسی کے سامنے سر نہیں جھکایا۔کوئی فیکٹری نہیں لگائی،کوئی پٹرول پمپ نہیں لگایا۔ مجھے جو اقتدار میں ملاوہ علاقے پرلگا دیا۔انہوں نے کہاکہ 85ء سے آج تک جائزہ لیں یہاں کوئی سڑک پکی نہیں تھی۔بجلی اور سکول نہیں تھی۔چند علاقوں کوچھوڑ کر۔یہاں آستینیں چڑھا کرہرکوئی تقریر کرسکتا ہے ۔لیکن گواہ رہنا کہ اس علاقے کا کوئی کونہ نہیں جہاں میری خدمت کا نشان نہیں ہے۔

سیاسی مسافروں کوبتادینا کہ یہاں کوئی ایسا کونہ نہیں جہاں میرے مخالف نے کوئی خدمت کی ہو۔انہوں نے کہا کہ میرامخالف امیدوار 8سال مشرف کی وردی کے پیچھے چھپ کرسیاست کرتا رہا۔اس سے پہلے پیپلزپارٹی کاوزیررہا۔بی اے ڈگری جعلی ، میٹرک فیل ہے۔اس کی خصوصیت یہ ہے کہ یہ چوہدری نثار کا مخالف ہے۔میرا مخالف ہونے کے باعث پیپلزپارٹی نے اس کووزیربنایا۔

یہ شخص 12ال برسراقتدار رہا لیکن ایک خدمت بتا دے میں الیکشن نہیں لڑوں گا۔چوہدری نثارنے کہا کہ ایک اور شخص جس کا سیاسی حلقہ مری میں ہے ۔پانچ سال ایم پی اے رہا۔ایک پکی گلی نہیں بنوائی۔اب میرے خلاف تقریریں کررہا ہے۔انہوں نے کہا کہ کسی کوشک ہے تودیکھ لینا ،میں کسی ٹکٹ کا محتاج نہیں ہوں،میں اللہ تعالیٰ کی ذات اور نیچے اس کی مخلوق کا محتاج ہوں۔25جولائی کودیکھنا کے عوام چوہدری نثار کے مخالفین کی ضمانتیں ضبط کروائیں گے۔