Live Updates

عوام 25 جولائی کومعاشی استحکام کیلئےشیرپرمہرلگائیں،شہبازشریف

عوام الیکشن میں تحریک انصاف کی عدم استحکام کی پالیسیوں کومسترد کردیں گے،(ن) لیگ معاشی استحکام جبکہ پی ٹی آئی انتشارکی علامت ہے۔مسلم لیگ ن کے جاری کردہ بیان

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 23 جون 2018 18:56

عوام 25 جولائی کومعاشی استحکام کیلئےشیرپرمہرلگائیں،شہبازشریف
لاہور(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔23 جون 2018ء) : پاکستان مسلم لیگ (ن )کے صدر و سابق وزیراعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ 25 جولائی کوعوام شیر پرمہر لگا کر معاشی استحکام پر مہرلگائیں گے،عوام الیکشن میں تحریک انصاف کی عدم استحکام کی پالیسیوں کو مسترد کر دیں گے، (ن) لیگ معاشی استحکام جبکہ پی ٹی آئی انتشار کی علامت ہے۔مسلم لیگ ن کے جاری کردہ بیان میں پارٹی صدرشہبازشریف نے کہا کہ 2013 ء میں جب مسلم لیگ (ن) کی حکومت بنی تھی تو موڈیز کی ریٹنگ منفی تھیں لیکن مسلم لیگ (ن) نے اپنی بہترین معاشی پالیسیوں سے موڈیز کی ریٹنگ کو مثبت کردیا تھا۔

مسلم لیگ (ن) کے دورِ حکومت کے اکثریتی عرصہ میں یہ ریٹنگ مثبت رہی ۔ تا ہم گزشتہ چند ماہ سے جاری عدم استحکام کی وجہ سے ریٹنگ دوبارہ منفی ہو گئی ہے جو افسوسناک ہے۔

(جاری ہے)

تا ہم مجھے امید ہے کہ آئندہ انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کی جیت کے بعد یہ ریٹنگ دوباری مثبت ہو جائے گی۔حالیہ دنوں میں ریٹنگ مثبت سے منفی ہونے کی واحد وجہ ملک میں جاری عدم استحکام ہے۔

کسی بھی قسم کا عدم استحکام معیشت کے لئے زہر قاتل ہے۔ شہباز شریف نے کہا کہ 25جولائی کے انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کے مینڈیٹ کی تجدید کی روشنی میں پاکستان میں معاشی استحکام آئے گاجس سے سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہو گااور تحریک انصاف کی دھرنا اور دیگر عدم استحکام پر مبنی پالیسیوں کو شکست ہو گی۔ پاکستان کے عوام شیر پر مہر لگا کر معاشی استحکام پر مہر لگائیں گے اور تحریک انصاف کی عدم استحکام پالیسیوں کو مسترد کر دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) استحکام اور ترقی جبکہ پی ٹی آئی عدم استحکام اور انتشار کی علامت ہے۔قوم گواہ ہے کہ سی پیک کو روکنے کے لئے نیازی نے چینی صدر کے دورہ کو سبوتاژ کیا تھا۔ مسلم لیگ ن کے صدر نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت میں ملک کی معاشی ترقی اور معاشی استحکام بہترین رہا ہے۔ اعدو و شمار گواہ ہیں کہ 2013ء میں مسلم لیگ ن کے حکومت سنبھالنے کے بعد ملکی معاشی حالت میں نمایاں بہتری آئی اور ناصرف گزشتہ 10سال کی نسبت شرح نمو میں تیزی سے اضافہ ہوا بلکہ مہنگائی کی شرح بھی ملکی تاریخ میں کم سے کم رہی۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت سے قبل 2012 میں شرح نمو صرف 3.5فیصد تھا جبکہ 2017میں مسلم لیگ (ن) کے آخری ایام میں شرح نمو بڑھ کر 5.8 فیصد پر پہنچ گئی تھی۔پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ دی اکانومسٹ سمیت معاشی امور پر نظر رکھنے والے کئی عالمی اداروں کی رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان کی معیشت مضبوط اور پائیدار دور سے گزر رہی ہے۔

مسلم لیگ (ن) نے بہترین پالیسیوں سے ناصرف بجلی کا بدترین بحران حل کیا بلکہ سی پیک کی شروع کرنے کے ساتھ ملک کے طول و عرض میں سینکڑوں میگا پراجیکٹس لگائے۔ بجلی کے ان منصوبوں نے نہ صرف ملک کو اندھیروں سے نکالا بلکہ معاشی ترقی کی روشنیوں سے بھی پاکستان کو منور کیا۔ سی پیک کے تحت ملک کے طول وعرض میں لگنے والے میگاپراجیکٹس پاکستان کی ترقی اور معاشی ترقی کی نوید سنا رہے ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کے عوام 25 جولائی کو ایک بار پھر مسلم لیگ ن کو بھاری اکثریت سے کامیاب کریں گے کیونکہ ہم نے ملک میں امن قائم کیا، معیشت کو ترقی دی اور عدم استحکام کی قوتوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ معاشی ترقی کے لئے ملک میں استحکام اور تسلسل ضروری ہے۔ میاں شہباز شریف نے کہا کہ ہمیں یہ یاد رکھنا ہو گا کہ 27جولائی کو میاں نواز شریف کو وزیر اعظم کے عہدے سے ہٹانے کے فیصلے سے ناصرف سیاسی عدم استحکام پیدا ہوا بلکہ سرمایہ کاروں کے اعتماد کو بھی ٹھیس پہنچی ۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات