نوازشریف کی وطن واپسی کا فی الحال کوئی امکان نہیں

کلثوم نوازکی طبیعت تشویشناک ہے،کلثوم نوازکی طبیعت سنبھلنےتک نوازشریف لندن میں ہی قیام کریں گے۔ن لیگ کے سینئررہنماء خواجہ آصف

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 23 جون 2018 18:52

نوازشریف کی وطن واپسی کا فی الحال کوئی امکان نہیں
لاہور(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔23 جون 2018ء) : پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف کی وطن واپسی کا فی الحال کوئی امکان نہیں ہے،کلثوم نواز کی طبیعت تشویشناک ہے،کلثوم نواز کی طبیعت سنبھلنے تک نوازشریف لندن میں ہی قیام کریں گے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سابق وزیراعظم نوازشریف نے خواجہ آصف کو اہم ذمہ داری سونپ دی ہے۔ خواجہ آصف نوازشریف کا اہم پیغام لیکر پاکستان کی طرف روانہ ہوگئے ہیں۔

مسلم لیگ ن نے نوازشریف کو نیب عدالت سے استثنیٰ نہ ملا توسپریم کورٹ میں اپیل دائر کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ نوازشریف اور مریم نواز کواحتساب عدالت نے سوموار تک حاضری سے استثنیٰ دے رکھا ہے۔ مسلم لیگ ن کے سینئر رہنماء خواجہ آصف نے وطن روانگی سے قبل لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں پرامید ہوں کہ نوازشریف جلد پاکستان میں ہوں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ کلثوم نواز کی طبیعت تشویشناک ہے۔ نوازشریف کے فی الحال وطن واپسی کے امکانات کم ہیں۔ کلثوم نواز کی طبیعت سنبھلنے تک نوازشریف لندن میں ہی قیام کریں گے۔خواجہ آصف نے کہا کہ احتساب عدالت میں نوازشریف اور مریم نواز کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی جائے گی۔ لیکن اگر احتساب عدالت نے استثنیٰ نہ دیا توپھر سپریم کورٹ سے رجوع کیا جائے گا۔

دوسری جانب سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے اپنے بیان میں بتایا کہ بیگم کلثوم نواز کی صحت سے متعلق ڈاکٹرز حتمی طور پر کچھ نہیں بتا رہے۔ بیگم کلثوم نوازکی حالت ابھی بھی بہت تشویش ناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیگم کلثوم نواز ابھی بھی وینٹی لیٹر پر ہیں۔ مریم نواز نے ایک بار پھر کلثوم نواز کی جلد صحتیابی کیلئے قوم سے دعاؤں کی اپیل کی ہے۔

دوسری جانب نجی ٹی وی نے بتایا ہے کہ مسلم لیگ ن کے قائد محمد نواز شریف اور ان کی بیٹی مریم نواز نے احتساب عدالت میں پیشی بیگم کلثوم نواز کی صحتیابی سے مشروط کردی ہے۔ 25 جون کو حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کیے جانے کا امکان ہے۔ احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم نواز شریف اور مریم نواز کوجمعہ تک کیلئے حاضری سے استثنیٰ دی تھی۔ نوازشریف اور مریم نواز کے خلاف ٹرائل فائنل مرحلے میں ہے۔ لیکن 25جون کو نوازشریف اور مریم نواز کا احتساب عدالت میں پیش نہ ہونے کا امکان ہے۔