سجاول، سرکاری تعلقہ ہسپتال میں سہولیات کی عدم دستیابی سے مریضوں کو پریشانی کا سامنا

ہفتہ 23 جون 2018 18:54

سجاول(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جون2018ء) سرکاری تعلقہ اسپتال میں سہولیات کی عدم دستیابی سے مریضوں کو پریشانی کا سامنا ہے ، ادویات کی قلت کے علاوہ سرکاری اسپتال میں لیبارٹری کو بھی بند کردیاگیاہے جس سے مریضوں کو بلڈگروپ سمیت دیگر ٹیسٹوں کے لئے دربدرکیاجاتاہے ،جبکہ ڈینگی ٹیست کے لئے بھی کسی قسم کا انتظام موجود نہیں ڈینگی کنٹرول کی جانب سے سندہ بھرمیں مفت ٹیسٹ کے دعوے کئے جارہے ہیں، علاوہ ازیں سرکاری اسپتال میں موجود سرکاری ایمبولینسز کو بھی ناکارہ بناکر کھڑاکردیاگیاہے ، جن میں سے دو ایمبولینسز کباڑہ بن چکی ہیں جبکہ باقی تین کو بھی کافی عرصہ تک کھڑاکرکے زنگ آلود کردیاگیاہے ،اسپتال میں آنے والے مریضوں کو ریفرکرنے کی صورت میں یامرنے والے مریضوں کی لاشوں کی منتقلی کے لئے بھی ایمبولینس فراہمی بندہے ، جس پر مریضوں کے ورثاء احتجاج بھی کرتے رہے ہیں ، سجاول ضلع ہیڈکوارٹرمیں واقع تعلقہ اسپتال سمیت ضلع بھرکی تمام پانچ بڑی اسپتالوں کی نگرانی کے لئے سابقہ سندہ حکومت نے این جی او مرف سے معاہدہ کرکے فنڈز ان کے حوالے کئے ہیں تاہم مذکورہ این جی او نے کوئی مثبت تبدیلی لانے کے بجائے مزید ابتری پیداکردی ہے ، صرف سجاول تعلقہ اسپتال میں لاکھوں روپے کا فرنیچر اور مشنری کباڑہ دکھاکرفروخت کردیاگیا، سرکاری اسپتال کی ایمبولینسز کو ناکارہ بنادیاگیاہے ، جبکہ نہ تو بلڈبینک قائم کیاگیاہے اور نہ ہی لیبارٹری کو فعال بنایاجاسکاہے ، ایمرجنسی میں بھی ادویات کی قلت کی شکایات موجودہیں، سرکاری ٹراماسینٹر کو فعال بنانے کے بجائے اس کا سامان اور جنریٹر، ٹرانسفارمر وغیرہ دوسری جگہ استعمال کیاجارہاہے ،سرکاری اسپتال میں لگے آراو پلانٹ کو غیرفعال کردیاگیاہے مریضوں نے شکایت کی ہے کہ سرکاری اسپتال میں پینے کا پانی بھی دستیاب نہیں ،این جی او کی ناقص کارکردگی کی وجہ سے اسپتال آنے والے مریضوں کی اموات میں اضافہ ہوگیاہے ،جس پر احتجاجات ریکارڈ پرہیں ،تاہم سابقہ حکومت سندہ کی جانب سے کسی قسم کی بازپرس نہیں کی گئی ، مقامی شہریوں نے موجودہ نگران حکومت سے اپیل کی ہے کہ فوری نوٹس لیکر سجاول ضلع میں صحت کی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایاجائے۔