Live Updates

مریم نواز کے پی پی 173 سے کاغذات نامزدگی منظور کیے جانے کے خلاف اپیل ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے مسترد

ہفتہ 23 جون 2018 18:51

مریم نواز کے پی پی 173 سے کاغذات نامزدگی منظور کیے جانے کے خلاف اپیل ناقابل ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 جون2018ء) لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس طارق سلیم شیخ پر مشتمل اپیلٹ ٹربیونل نے مریم نواز کے پی پی 173 سے کاغذات نامزدگی منظور کیے جانے کے خلاف اپیل ناقابل سماعت قرار دے کر مسترد کر دی، اقتدار حسین کی جانب سے دائر اپیل میں کہا گیا ہے کہ مریم نواز کے خلاف کرپشن کے مقدمات نیب عدالت میں زیر سماعت ہیں جبکہ انہوں نے کاغذات نامزدگی میں اثاثے چھپائے لہٰذا مریم نواز کے کاغذات نامزدگی مسترد کیے جائیں، دریں اثناء لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس فیصل زمان خان پر مشتمل اپیلٹ ٹربیونل نے پاکستان تحریک انصاف کی امیدوار منزہ حسن کے کاغذات نامزدگی منظور ہونے کے خلاف اپیل مسترد کر دی اور ریٹرننگ افسر کے فیصلے کو برقرار رکھا۔

(جاری ہے)

منزہ حسن کے خلاف پی ٹی آئی کی ہی رکن ڈاکٹر زراق نے اپیل دائر کی تھی کہ منزہ حسن دوہری شہریت کی حامل ہے اور انہوں نے کاغذات نامزدگی میں اپنے حقیقی اثاثے ظاہر نہیں کیے، دوران سماعت فاضل جج نے اپیل کنندہ ڈاکٹر زرقا کو ہدایت کی کہ وہ اپنے تحفظات پارٹی میں اٹھائیں، اپیلٹ ٹربیونل نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد ڈاکٹر زراق کی اپیل مسترد کر دی، علاوہ ازیں لاہور ہائی کورٹ کے اپیلٹ ٹربیونل نے این اے 128 سے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار شیخ روحیل اصغر اور خرم روحیل کے کاغذات نامزدگی منظور کرنے کے خلاف اپیل پر فریقین کے وکلاء کو دلائل کے لئے 26 جون کو طلب کر لیا ہے ان کے خلاف حلقہ کے ووٹر نوید علی نے اپیل دائر کی کہ شیخ روحیل اصغر اور خرم روحیل نے فارم بی میں اپنی بیوی کے اثاثے ظاہر نہیں کیے اور ان کے کاغذات حقائق کے برعکس منظور کیے گئے لہٰذا عدالت ریٹرننگ افسر کے فیصلے کو کالعدم قرار دے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات