گورنر پنجاب نے کیڈٹ کالج حسن ابدال میں دوسرے نیشنل آئوٹ ریچ پروگرام کا افتتاح کر دیا،

پروگرام کا مقصدپسماندہ علاقوں کے طلباکو ملک کے معروف تعلیمی اداروں میں داخلے کے انتخاب اور مقابلے کیلئے تیار کرنا ہے

ہفتہ 23 جون 2018 18:23

گورنر پنجاب نے کیڈٹ کالج حسن ابدال میں دوسرے نیشنل آئوٹ ریچ پروگرام ..
ٹیکسلا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 جون2018ء) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کیڈٹ کالج حسن ابدال میںہفتہ کے روزصبح دوسرے نیشنل آئوٹ ریچ پروگرام کا افتتاح کر دیا۔یہ پائلٹ پروگرام گزشتہ سال کیڈٹ کالج حسن ابدال میں متعارف کرایاگیااس پروگرام کے تحت موسم گرما کی تعطیلات کے دوران پاکستا ن کے پسماندہ اور دور دراز علاقوں میں مقیم بچوں کو کیڈٹ کالج حسن ابدال میں میرٹ پر داخلے کیلئے تیاری میں معاونت کی جاتی ہے۔

اس پروگرام کا بنیادی مقصد پسماندہ علاقوں کے طلباکو ملک کے معروف تعلیمی اداروں میں داخلے کے انتخاب اور مقابلے کیلئے تیار کرنا ہے۔اس سال یہ پروگرام21 جون سے 17 اگست2018 تک جاری رہے گا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا کہ کیڈٹ کالج حسن ابدال کا آئوٹ ریچ پروگرام بارش کے پہلے قطرے کی مانند ہے اور اس پروگرام کے تحت دور دراز اور پسماندہ علاقوں کے بچوں کو پاکستان کے دیگر ترقی یافتہ علاقوں کے مساوی تعلیمی مواقع میسر آسکیں گے اوریہ پروگرام پسماندہ علاقوں کے بچوں کو اعلی تعلیم کے حصول میں مددگار و معاون ثابت ہو گا۔

(جاری ہے)

بعد ازاں گورنر پنجاب نے کیڈٹ کالج حسن ابدال کے بورڈ آف گورنرز کے اجلاس کی صدارت کی۔لیفٹیننٹ جنرل صادق علی ،ہلال امتیاز ملٹری چیئرمین پی او ایف بورڈ نے بطور ممبر بور ڈ آف گورنرز اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں ادارے کے اہم انتظامی امور اور کالج میں تعلیمی سہولتوں کو مزید بہتر کرنے کیلئے کئی اہم فیصلے کئے گئے۔