چیف جسٹس حکمرانوں کے شاہانہ طرزاندازاورپروٹوکول پرخزانے کابے دریغ استعمال پر نوٹس لیں ‘میاں مقصود احمد

ملی بھگت سے ہر ماہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کردیاجاتا ہے،ڈنگ ٹپائوپالیسیوں سے ملکی معیشت دگرگوں ہے

ہفتہ 23 جون 2018 18:15

چیف جسٹس حکمرانوں کے شاہانہ طرزاندازاورپروٹوکول پرخزانے کابے دریغ ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جون2018ء) متحدہ مجلس عمل پنجاب کے صدر اور امیرجماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمدنے کہاہے کہ 25جولائی2018کے عام انتخابات میں عوام نااہل ،کرپٹ اور معاشی دہشتگردوں کومستردکردیں۔ پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ(ن)دونوں جماعتیں متعدد بار اقتدارمیں آئی ہیں مگر کسی نے بھی عوام کے بارے میں نہیں سوچا۔

عوام کے ووٹوں سے منتخب ہونے والے عوامی مسائل کو حل کرنے کی بجائے اقتدار میں آتے ہی شاہانہ طرزحکمرانی اور پروٹوکول پر قومی خزانے کابے دریغ استعمال کرتے ہیں اور کوئی پوچھنے والا نہیں ۔چیف جسٹس اس حوالے سے بھی نوٹس لیں تاکہ عوام کی خون پسینے کی کمائی کاٹھیک استعمال ہوسکے۔قومی خزانے کودونوں ہاتھوں سے لوٹنے والے کسی بھی قسم کی رعایت کے مستحق نہیں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزمنصورہ میں اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ چیف جسٹس کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کرنے کے لیی10روزمیں فارمولاطے کرنے کاحکم خوش آئند اقدام ہے۔پی ایس اوسمیت 22کمپنیاں پٹرولیم مصنوعات کودرآمدکرتی ہیں۔ملی بھگت کرکے ہر ماہ پٹرولیم کی قیمتوں میں اضافہ کردیاجاتا ہے جس سے عوام کی مشکلات بڑھ جاتی ہیں اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے ٹرانسپورٹ سے لے کر اشیاء خوردونوش تک ہر چیز کے نرخوں میں اضافہ ہوجاتاہے۔

انہوں نے کہاکہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے اور ٹیکسزلگانے کی ذمہ داری نہ حکومت اپنے ذمے لینے کو تیار ہے اور نہ ہی اوگرااپنے ذمہ لینے کوتیار ہے۔ہر ادارہ ایک دوسرے پر ذمہ داری ڈال کر اپنی جان بچانا چاہتاہے۔سیکرٹری خزانہ کی طرف سے خسارہ کم کرنے کے لیے پٹرولیم مصنوعات کے نرخوں میں مزیداضافے کی اطلاعات تشویش ناک امر ہے۔نگران حکومت نے بھی آتے ساتھ ہی عوام پر پٹرول بم گراکر یہ ثابت کردیا ہے کہ حکمرانوں کو عوام کے مسائل سے کوئی غرض نہیں۔

سب ایک ہی سکے کے دورخ ہیں۔غریب عوام کو ریلیف فراہم کرنے کی بات ہر کوئی کرتاہے مگر اس جانب عملاً اقدامات دعوئوں کے برعکس اٹھائے جاتے ہیں۔میاں مقصوداحمد نے مزید کہاکہ ماضی کے حکمران22کروڑ عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں بری طرح ناکام ہوچکے ہیں۔ملکی معیشت دگرگوں اور غیر مستحکم ہے۔حکمرانوں کی ڈنگ ٹپائوں پالیسیوں نے ملکی معیشت کو تباہ حال کرکے رکھ دیا ہے۔جب تک ہم پر چور،لٹیرے اور کرپٹ افراد مسلط رہیں گے ملک وقوم نہ ترقی کرسکتے ہیں اور نہ ہی ہمارے ہاں خوشحالی آسکتی ہے۔