پاکستانی گلوکار علی ظفر نے ایک مرتبہ پھر میشا شفیع پر ہرجانے کا دعویٰ دائر کر دیا 4

علی ظفر نے میشا شفیع پر 100 کروڑ روپے کے ہرجانے کا دعویٰ دائر کیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 23 جون 2018 17:23

پاکستانی گلوکار علی ظفر نے ایک مرتبہ پھر میشا شفیع پر ہرجانے کا دعویٰ ..
کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 23 جون 2018ء) : پاکستانی گلوکار علی ظفر نے ساتھی گلوکار میشا شفیع پر ایک مرتبہ پھر ہرجانے کا دعویٰ دائر کر دیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق علی ظفر نے میشا شفیع پر 100 کروڑ روپے ہرجانے کا دعویٰ دائر کیا۔ علی ظفر کے وکلا کے سول کورٹ میں میشا شفیع کے خلاف یہ دعویٰ دائر کیا۔ دعوے میں موقف دیا گیا کہ میشا شفیع نے جھوٹے الزامات عائد کر کے میری شہرت اور ساکھ کو نقصان پہنچایا۔

میشا شفیع نے میری اور میرے خاندان کی عزت کو اُچھالا۔ دعوے میں کہاگیا کہ علی ظفر ٹیکس دہندہ ہے اور پوری دنیا میں پاکستان کی پہچان ہے۔ میشا شفیع نے جھوٹے اور بے بنیاد الزامات عائد کر کے میری شہرت کو نقصان پہنچایا ہے۔ دعوے میں مطالبہ کیا گیا کہ میشا شفیع 100 کروڑ روپے ہرجانے کا دعویٰ ادا کرے۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ اس سے قبل بھی علی ظفر نے میشا شفیع کو 10 کروڑ روپے ہرجانے کا نوٹس بھجوایا تھا۔

علی ظفر نے اپنے وکلاء کے ذریعے میشا شفیع کو 10 کروڑ روپے ہرجانے کا نوٹس بھجوایا تھا۔ علی ظفر کے قانونی نوٹس کے جواب میں میشا شفیع نے بھی ان کو ایک نوٹس بھجوادیا ، یہ نوٹس میشا شفیع کی وکلا ٹیم کی جانب سے علی ظفر کو بھجوایا گیا۔نوٹس کے جواب میں کہا گیا کہ علی ظفر پرعائد کیے جانے والے تمام الزامات درست ہیں،الزامات کے پیچھے کسی قسم کی کوئی سازش نہیں ہے۔

میشا شفیع نے نوٹس کے جواب میں کہا کہ علی ظفر نے مجھے کام کے دوران ہراساں کیا۔ نوٹس میں مزید کہا گیاکہ علی ظفر غلطیوں کا اعتراف کر کے لیگل نوٹس واپس لیں اور معافی مانگیں۔ یاد رہے کہ پاکستانی اداکارہ ، ماڈل اور گلوکارہ میشا شفیع نے اپنے ٹویٹر پیغام میں پاکستانی گلوکار علی ظفر پر جنسی ہراسگی کا الزام عائد کیا تھا۔ اپنے ٹویٹر پیغام میں میشا شفیع نے بتایا کہ کس طرح ان کے ساتھ کام کرنے والے گلوکار علی ظفر نے انہیں جنسی ہراسگی کا نشانہ بنایا۔

انہوں نے کہا کہ میں یہ سب اس لیے کہہ رہی ہوں کیونکہ اب میرا ضمیر مجھے خاموش رہنے کی اجازت نہیں دیتا۔ میں ایسے معاملات پر خاموشی کے کلچر کو توڑنا چاہتی ہوں، انہوں نے کہا کہ اگر ایسا مجھ جیسی خاتون کے ساتھ ہو سکتاہے تو انڈسٹری میں آنے والی اور آنے کی خواہش رکھنے والی کسی بھی خاتون کے ساتھ ہو سکتا ہے۔ اس معاملت پر بولنا مشکل ہے لیکن خاموش رہنا کسی طور درست نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں نے جنسی ہراسگی کا سامنا ایک خوبرو اور جوان لڑکی ہونے پر نہیں کیاگیا بلکہ مجھے اس سب کا سامنا تب کرنا پڑا جب میں خواتین کے حقوق کے لیے آواز اُٹھاتی ہوں، جب میں دو بچوں کی والدہ ہوں۔میشا شفیع نے ساتھی گلوکار علی ظفر پر جنسی ہراسانی کا الزام عائد کیا تو علی ظفر نے اس الزام کو مسترد کرتے ہوئے قانونی راستی اپنانے کا اعلان کیا تھا جس کے بعد دونوں کے مابین قانونی جنگ شروع ہو گئی تھی۔