فاٹا ۔ خیبر پختونخوا انضمام کا عمل کسی بھی قیمت پرشفاف اور کامیابی سے مکمل کیا جائیگا،نگراں وزیر قانون بیرسٹر سید علی ظفر

ہفتہ 23 جون 2018 17:16

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جون2018ء) نگراں وزیر برائے قانون و انصاف بیرسٹر سید علی ظفر نے کہا ہے کہ فاٹا کا خیبر پختونخوا کیساتھ انضمام کا عمل کسی بھی قیمت پرشفاف اور کامیابی سے مکمل کیا جائیگا۔یہ بات انہوں نے ہفتہ کو فاٹا کی خیبر پختونخوا کیساتھ انضمام میں معاونت کیلئے وزیر اعظم کی تشکیل کردی کمیٹی کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔

علی ظفر نے کہا کہ انضمام پر عملدرآمد کی غرض سے انتظامی،مالی اور عدالتی سمیت تمام اقدامات اٹھائے جائیں گے۔نگراں وزیر نے فاٹا کے شفاف اور کامیاب انضمام کیلئے انتظامی،قانونی،مالی اور قانون سازی کے حوالے سے اہداف کے حصول کی ضرورت پر زور دیا۔سید علی ظفر نے مالی امور اور انضمام کے عمل کیلئے قواعد و ضوابط کی ڈرافٹنگ کیلئے وزارت قانون ،داخلہ اور خزانہ کے حکام پر مشتمل زیلی کمیٹیاں بھی تشکیل دیدیں۔

(جاری ہے)

زیلی کمیٹیوں کو آئندہ اجلاس میں مختلف انتظامی اور قانونی معاملات سے متعلق مناسب حل کیلئے تجاویز پیش کرنیکا ٹاسک سونپ دیا گیا۔ایڈیشنل سیکرٹری کے پی کے نے وزیر قانون کو آئی ڈی پیز کی بحالی کے حوالے سے بھی بریف کیا۔اجلاس میں سیکرٹری سیفران،سیکریٹری پلاننگ،جی ایچ کیو ایم او ڈائرکٹوریٹ،اے سی ایس فاٹا، اے ایس پی ایم کے نمائندوں اور سیکرٹری خزانہ کے پی کے،سیکرٹری داخلہ کے پی کے نے شرکت کی۔