پنجاب بھر کے ڈپٹی کمشنرز کو انتخابی ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کروانے کی ہدایت

انتخابات کے دوران امن وامان یقینی بنانے کے لیے ڈویژن اور ضلع کی سطح پر انٹیلی جنس کمیٹیاں فعال کرنے کا حکم

ہفتہ 23 جون 2018 17:16

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جون2018ء) پنجاب حکومت نے انتخابی مہم کے دوران ضابطہ اخلاق پر مکمل عمل در آمد یقینی بنانے کے احکامات جاری کر دیئے ۔پنجاب حکومت کے ذرائع نے قومی خبر رساں ادارے کو بتایاکہ پنجاب بھر کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کے ویڈیولنک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے چیف سیکرٹری پنجاب اکبر حسین درانی نے کہا ہے کہ امن وامان کا قیام پرامن انتخابات کیلئے کلیدی حیثیت رکھتا ہے ،آزادانہ، منصفانہ اورشفاف انتخابات کا انعقاد قومی ذمہ داری ہے۔

چیف سیکرٹری پنجاب نے تمام انتظامی افسران کو ہدایت کی ہے کہ انتخابات کے دوران امن وامان برقرار رکھنے کیلئے بہترین انتظامات یقینی بنائے جائیں ،ڈویژن اور ضلع کی سطح پر انٹیلی جنس کمیٹیوں کو فعال بنایا جائے اورصورتحال کی مانیٹرنگ کیلئے ان کمیٹیوں کے اجلاس باقاعدگی سے منعقد کئے جائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ امن وامان اور پرامن فضا برقرار رکھنے کیلئے جدید ٹیکنالوجی سے بھرپور استفادہ کیا جائے۔

انہوں نے یہ ہدایت بھی کی کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری ہونیوالے ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ دریں اثناء چیف سیکرٹری نے ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کیلئے تمام تیاریاں مکمل رکھنے کی بھی ہدایات جاری کیں اور کہاکہ دریاوئں اور ڈیموں میں پانی کی سطح اور موسم کی صورتحال کی باقاعدہ مانیٹرنگ کی جائے۔