راولپنڈی چیمبر کا ٹیکس ایمنسٹی اسکیم سے استفادہ کی تاریخ میں توسیع کا مطالبہ

ہفتہ 23 جون 2018 17:16

راولپنڈی چیمبر کا ٹیکس ایمنسٹی اسکیم سے استفادہ کی تاریخ میں توسیع ..
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جون2018ء) راولپنڈی چیمبر نے بھی ٹیکس ایمنسٹی اسکیم سے استفادہ کی تاریخ میں توسیع کا مطالبہ کر دیا ۔ آخری تاریخ میں توسیع دی جائے۔

(جاری ہے)

راولپنڈی چیمبر آف کامرس کے صدر زاہد لطیف خان نے ٹیکس ایمنسٹی اسکیم کے حوالے سے منعقدہ سمینارسے خطاب کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ ٹیکس ایمنسٹی سکیم سے کماحقہ استفادہ کے لیے اس کی مدت میں توسیع کی جائے کیونکہ ایمنسٹی اسکیم کی توثیق تاخیر سے ہوئی عید الفطر کی چھٹیوں کے باعث کئی لوگ وقت کی کمی کے باعث فائدہ نہیں اٹھا سکے۔

اس لیے حتمی تاریخ میں توسیع دی جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ اسکیم کے تحت ٹیکس نیٹ میں آسکیں ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ٹیکس گوشوارے جمع کروانے والوں کی تعداد بہت کم ہے ایف بی آر ٹیکس کے نظام میں اصلاحات لائے، اور مراعات دے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ ٹیکس نیٹ میں شامل ہوں ۔ چیمبر آف کامرس، پروفیشنلز اور بزنس کمیونٹی کی تجاویز کو شامل کیا جائے ۔انہوں نے یہ امید بھی ظاہر کی کہ ایف بی آر مطلوبہ اہداف پورا کر لے گا۔