مقبوضہ کشمیر‘ میر واعظ عمر فاروق اور دیگر کا شہید نوجوانوں کو خراج عقیدت

ہفتہ 23 جون 2018 17:05

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 جون2018ء) مقبوضہ کشمیر میں آزادی پسند رہنمائوں اور تنظیموں نے بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں گزشتہ روز اسلام آباد کے علاقے سریگفوارہ میں شہید ہونے والے کشمیریوں کو شاندرا خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق میر واعظ عمر فاروق نے سرینگر میںجاری ایک بیان میںشہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری نوجوانوں کی بیش بہا قربانیوں کو ہرگز رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گااور انکے مشن کو ہرقیمت پر پایہ ء تکمیل تک پہنچایا جائے گا۔

حریت رہنما مختار احمد وازہ نے اپنے بیان میں شہید نوجوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے انکے اہل خانہ کے ساتھ بھر پور اظہار یکجہتی کیا۔ انہوںنے بھارتی فورسز کی طرف سے پر امن مظاہرین پر طاقت کے وحشیانہ استعمال کی شدید مذمت کی۔

(جاری ہے)

جموں وکشمیر سالویشن موومنٹ کے چیئرمین ظفر اکبر بٹ نے ایک بیان میں شہید نوجوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ بیش بہا قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی۔ انہوںنے پر امن مظاہرین اور نماز جنازہ کے شرکا پر طاقت کے وحشیانہ استعمال کی شدید مذمت کی۔ مقبوضہ علاقے کی ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن نے بھی ایک بیان میں شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ بھارت ایک منصوبہ بند طریقے سے کشمیریوں کی نسل کشی کر رہا ہے۔