پنجاب پولیس نے الیکشن کو پر امن بنانے کیلئے تیاریاں شروع کردیں

ہفتہ 23 جون 2018 16:47

پنجاب پولیس نے الیکشن کو پر امن بنانے کیلئے تیاریاں شروع کردیں
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جون2018ء) پنجاب پولیس نے الیکشن کو پر امن بنانے کیلئے تیاریاں شروع کردیں، 2 لاکھ 663 ہزار سے زائد پولیس افسران اہلکار،رضا کار اور سپیشل پولیس کے جوان ڈیوٹی سرانجام دیں گے۔نجی ٹی وی کے مطابق الیکشن کمیشن اور محکمہ داخلہ کی جانب سے بھجوائے گئے پولنگ اسٹیشنز کی تعداد کے بعد آئی جی پنجاب نے تمام آر پی اوز اور ڈی پی اوز کو الیکشن کو پر امن بنانے کے لیے خود پولنگ اسٹیشنز کو چیک کرنے کی ہدایت کی۔

(جاری ہے)

آپریشنز برانچ کے مطابق پنجاب بھر میں ایک لاکھ 30 ہزار پولیس افسران واہلکارفرائض سرانجام دیں گے، پولنگ پر 85 سو رضا کار اور 1 لاکھ 25 ہزار سپیشل پولیس اہلکار تعینات ہوں گے۔سپیشل پولیس کے جوان صرف الیکشن کے لیے بھرتی کیے جائیں گے، پنجاب بھر میں 48 ہزار پولنگ سٹیشنز ہیں جہاں پولیس اہلکار ڈیوٹی دیں گے۔ متعلقہ برانچ کا کہنا ہے کہ حساس پولنگ سٹیشن پر پولیس کیساتھ رینجرز اور فوج تعینات ہوگی، جبکہ پولنگ سٹیشنز کی دیواروں پر خاردار تاریں لگائی جائیں گی، ووٹرز کو چیکنگ کے بعد اندر جانے دیا جائے گا۔