متحدہ عرب امارات:ماحول دُشمن افراد کی شامت آ گئی

گاڑیوں سے سڑک پر کوڑا اور دیگر سامان پھینکنے والوں پر بھاری جرمانے عائد کیے جا رہے ہیں

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 23 جون 2018 16:01

متحدہ عرب امارات:ماحول دُشمن افراد کی شامت آ گئی
راس الخیمہ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23جُون 2018ء) راس الخیمہ میں ماحول کو نقصان پہنچانے کے جُرم میں 2018ء کے دوران 3,326 افراد کو جرمانوں کا مزہ چکھنا پڑا ہے۔اس حوالے سے مزید تفصیلات بیان کرتے ہوئے پبلک ورکس اور ماحول کے ڈیپارٹمنٹ کے ایڈوائزر احمد حماد الصیحی کا کہنا تھا کہ جن افراد پر جرمانہ عائد کیا گیا ان میں 42افراد ایسے تھے جو گھاس پر بار بی کیو کرنے کے مرتکب پائے گئے۔

رواں سال ماحولیاتی آلودگی کا سبب بننے کے جُرم میں جنوری میں 763‘ فروری میں 480‘ مارچ میں 625‘ اپریل میں 750‘ جبکہ مئی میں 628 افراد پر جرمانے عائد کیے گئے ہیں۔ جبکہ ماحول کو نقصان پہنچانے کے سب سے زیادہ واقعات کی رپورٹ جبل جیئس میں درج ہوئی۔ اس علاقے میں 146 خلاف وزیاں رپورٹ کی گئیں۔ جن میں پہاڑوں کی چٹانوں پر کچھ تحریر کرنے‘ کار کی کھڑکی سے کوڑا اور دیگر سامان پھینکنے اور پکنک کے بعد بچی کھُچی کھانے کی چیزوں کو مناسب طور پر ٹھکانے نہ لگانے جیسی خلاف ورزیاں شامل ہیں۔

(جاری ہے)

ان کا مزید کہنا تھا کہ اُن کا ڈیپارٹمنٹ ماحول کو صاف سُتھرارکھنے کے لیے ہر ممکن جتن کر رہا ہے۔راس الخیمہ سے آلودگی کے خاتمے‘ ماحول کے تحفظ کے بارے میں لوگوں کو آگاہ کرنے کی غرض سے کئی موبائل انسپکشن ٹیمیں تعینات کی گئی ہیں۔ ماحولیاتی تحفظ کی نگرانی کے لیے جبل جیئس‘ کورنیشے القواسم‘ پُرانا کورنیشے کے علاوہ امارات کے پارکس اور ساحلوں پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔ ماحول کو صاف سُتھرا بنانے کے لیے قدرتی مقامات اور پارکس وغیرہ میں وارننگ کے نشانات کی تنصیب کی جا رہی ہے۔ ماحولیاتی تحفظ کی خلاف ورزی کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ خصوصاً کار کی کھڑکی سے کوڑا اور ضائع شُدہ کھانا باہر پھینکنے والوں کو 500امارتی درہم کا بھاری جرمانہ ادا کرنا پڑتا ہے۔

متعلقہ عنوان :