سکیورٹی فورسز کا جنوبی وزیرستان کے علاقہ لدھا میں کامیاب آپریشن ، 6دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا گیا، آئی ایس پی آر

ہفتہ 23 جون 2018 15:30

راولپنڈی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جون2018ء) آپریشن ردالفساد کے تحت سکیورٹی فورسز نے جنوبی وزیرستان کے علاقہ لدھا کے قریب سپینا میلا گائوں میں ایک کامیاب آپریشن کیا ہے۔

(جاری ہے)

ہفتہ کو آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کئے گئے بیان کے مطابق سکیورٹی فورسز نے علاقے میں دہشت گروں کی موجودگی کی اطلاعات پر کامیاب کارروائی کی اور فائرنگ کے تبادلہ میں سکیورٹی فورسز نے 6دہشتگردوں کو ہلاک کردیا جن میں ایک انتہائی مطلوب دہشتگرد نانا کر بھی شامل تھا،جو مقامی افراد سمیت علاقہ کے عمائدین کے قتل میں ملوث تھا ۔

یہ دہشت گرد عارضی طور پر نقل مکانی کرنے والے افراد کی واپسی پر ان کو نقصان پہنچانا چاہتے تھے۔ بیان کے مطابق فائرنگ کے تبادلہ میں حوالدار رزاق خان اور حوالدار ممتاز حسین نے جام شہادت نوش کیا ، آپریشن کے دوران بھاری مقدار میں اسلحہ اور بارود سمیت مواصلاتی آلات بھی برآمد گئے گئے ہیں جن کے ذریعے دہشتگرد سرحد پار افغان صوبہ پکتیا میںاپنے سہولت کاروں کے ساتھ رابطے میں تھے ۔