متحدہ عرب امارات:ساحل سمندر پر جانے والوں کے لیے وارننگ جاری کر دی

امبریلا بیچ زون کے ساتھ ساتھ گاڑی اور موٹر سائیکل چلانے کی پاداش میں بھاری جرمانہ ادا کرنا پڑے گا

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 23 جون 2018 15:25

متحدہ عرب امارات:ساحل سمندر پر جانے والوں کے لیے وارننگ جاری کر دی
فجیرہ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23جُون 2018ء) فجیرہ پولیس نے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر متحدہ عرب امارات میں موجود تمام سمندری ساحلوں کا رُخ کرنے والے افراد کے لیے وارننگ جاری کر دی ہے۔ پولیس کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق ساحلوں پر امبریلا بیچ زون کے ساتھ ساتھ گاڑی اور موٹر سائیکل چلانے کی مناہی ہے۔ اور ایسا کرنے والے پر بھاری جرمانہ عائد کیا جائے گا اور اس کی گاڑی یا موٹر سائیکل سات روز کے لیے ضبط کر لی جائے گی۔

انسٹا گرام پر پولیس کی جانب سے ریلیز کیے جانے والے بیان میں کہا گیا ہے ’’ایسا اقدام ساحلِ سمندر پر سیر و تفریح کی غرض سے آنے والے افراد کی جانوں کو تحفظ دینے کے لیے اُٹھایا گیا ہے۔ اس مقصد کے لیے ساحلی مقامات پر پولیس کی گشتی ٹیمیں تعینات کی جا رہی ہیں جو اس بات کو یقینی بنائیں گی کہ کوئی فرد موٹر سائیکل یا کار کو ممنوعہ ساحلی علاقے پر تو نہیں لے آیا۔

(جاری ہے)

اگر کوئی شخص مذکورہ بالا ضابطے کی خلاف ورزی کا مرتکب پایا گیا تو اُس پر دس ہزار اماراتی درہم کا جرمانہ عائد کیا جائے گا‘ آٹھ بلیک پوائنٹس کی سزا ہو گی‘ اور تادیبی کارروائی کے طور پر اس کی گاڑی یا موٹر سائیکل پولیس کی جانب سے سات دِنوں کے لیے ضبط کر لی جائے گی۔‘‘ اس اعلان کا سوشل میڈیا صارفین نے بہت خیر مقدم کیا ہے۔ کیونکہ اس سے پہلے ساحلی مقامات پر بہت سارے افراد گاڑیوں کی زد میں آ کر زخمی ہو گئے ہیں۔

منچلے نوجوان ساحلوں پر تیز رفتاری سے گاڑیاں دوڑاتے ہیں جو وہاں سیر و تفریح کی غرض سے آنے والے افراد کی زندگیوں کو خطرے میں ڈالنے کا باعث بنتے ہیں۔ جبکہ اس تیز رفتاری کے باعث کئی گاڑیاں اُلٹ بھی چکی ہیں۔ ایک صارف نے کہا کہ اس پابندی کے باعث ساحلوں پر لوگوں کی زندگیاں محفوظ ہو جائیں گی۔ اور وہ کسی حادثے کے اندیشے سے بے پرواہ ہو کر پُوری طرح تفریحی سرگرمیوں سے لطف اندوز ہو سکیں گے۔