ایمپلائز کو آپریٹوہاؤسنگ سوسائٹی کے انتخابات28 جولائی کو ہوں گے

ڈاکٹر فیصل سلیم اسسٹنٹ کمشنر سیکرٹریٹ الیکشن کمشنر مقرر ،سوسائٹی ممبران میںخوشی کی لہر دوڑ گئی

ہفتہ 23 جون 2018 15:24

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 جون2018ء) سویلین ایمپلائز کو آپریٹوہاؤسنگ سوسائٹی کے انتخابات کے اعلان ہوتے ہی سوسائٹی ممبران میںخوشی کی لہر دوڑ گئی ۔ سویلین ایمپلائز کوآپریٹوہاؤسنگ سوسائٹی کے انتخابات بروقت کروانے کی بجائے سابق رجسٹرار کوآپریٹوہاؤسنگ اور سابق سرکل رجسٹراڑ کٹھ پتلی ایڈمنسٹریٹر کے ذریعے معاملات چلانے کے خواہش مند تھے ۔

ڈپٹی کمشنر اسلام آباد مشتاق احمد نے شفاف الیکشن کے لئے اچھی شہرت کے حامل ڈاکٹر فیصل سلیم اسسٹنٹ کمشنر سیکرٹریٹ کو الیکشن کمشنر مقرر کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق سویلین ایمپلائز کوآپریٹوہاؤسنگ سوسائٹی ( سواں گارڈن) کے انتخابات کا ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے اعلان کر دیا ہے اور یہ انتخابات 28 جولائی کو لوہی بھیر سواں گارڈن میں منعقد ہوں گے ۔

(جاری ہے)

سوسائٹی کے بروقت الیکشن کے لئے ممبران نے عدالتوں سے بھی رجوع کر رکھا تھا لیکن ماضی قریب میں اختیارات سے تجاوز کرتے ہوئے کئی ہاؤسنگ سوسائٹیوں کا خزانہ خالی کرنے والے سابق رجسٹرار کوآپریٹو محمد علی اور سابق کل رجسٹرار مظہر حسین اپنا من پسند ایڈمنسٹریٹر مقرر کر کے نہ صرف سوسائٹی کا خزانہ خالی کرنا چاہتے تھے بلکہ اپنے من پسند گروپ کو دھاندلی کے ذریعے کامیاب بھی کروانا چاہتے تھے لیکن میڈیا کی نشاندہی کے بعد ان دونوں عہدیداروں کو ہٹا دیا گیا ہے اور اب ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے جراتمندانہ قدم اٹھاتے ہوئے سوسائٹی کے انتخابات کے لئے 28 جولائی کا دن مقرر کر دیا ہے اس حوالے سے سوسائٹی کے سابق صدر عنصر گوندل نے آن لائن کو رابطہ کرنے پر بتایا کہ ہماری دیرینہ خواہش اور مطالبہ پورا کر دیا گیا ہے اس کا سارا کریڈٹ ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کو جاتا ہے کیونکہ انہوں نے ہر قسم کا دبائو مسترد کرتے ہوئے نہ صرف الیکشن کا اعلان کر دیا ہے بلکہ اچھے کردار کے حامل اسسٹنٹ کمشنر فیصل سلیم کو الیکشن کمشنر بنا کر ممبران پر احسان کیا ہے انہوں نے کہا کہ الیکشن نہ ہونے کی وجہ سے سوسائٹی اجڑے ہوئے گلستان کا منظر پیش کر رہی تھی اور ممبران کا اعتماد بھی مجروح ہو رہا ہے ۔

شفاف الیکشن کے نتیجے میں جو باڈی بھی جیت کر آئے گی وہ بہتر انداز میں کام کرے گی اور سوسائٹی کے ممبران کے خدشات دور ہو جائیں گے ۔ ۔