عوام کے جان ومال کے تحفظ کیلئے تمام اقدامات کریں گے، نگراں وزیراعلی پنجاب

ہفتہ 23 جون 2018 15:20

عوام کے جان ومال کے تحفظ کیلئے تمام اقدامات کریں گے، نگراں وزیراعلی ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 جون2018ء) نگراں وزیراعلی پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری نے کہا ہے کہ الیکشن کے دوران پبلک مقامات اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے ضروری اقدامات کریں گے،حساس پولنگ اسٹیشنزپرسیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے جائیں گے،م انتخابات میں سب کیلئے مساوی مواقع ہوں گے، ہمارے پاس وقت کم اور چیلنج بڑا ہے، پولنگ اسٹیشن سے ریٹرننگ افسر تک نتائج اور بیلٹ باکسز کی ترسیل میں تاخیر نہیں ہونی چاہیئے، الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد یقینی بنانا ہوگا۔

ہفتہ کو لاہور میں نگراں وزیراعلی پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری کی زیرصدارت وزیراعلی آفس میں اعلی سطح کا اجلاس ہوا جس میں صوبائی وزرا، چیف سیکریٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، ایڈیشنل چیف سیکریٹری، ایڈیشنل سیکریٹری داخلہ، سول اور عسکری اداروں کے اعلی حکام نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں انتخابات کی تیاریوں کے انتظامات، سیکیورٹی امور اور امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔

سیاسی جماعتوں کے سرکردہ رہنماں کو فول پروف سیکیورٹی اور نقل و حرکت کے دوران باکس سیکیورٹی فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ نگراں وزیراعلی نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ عام الیکشن کے دوران مون سون اور ممکنہ سیلاب کے خطرہ سے نمٹنے کیلئے پیشگی اقدامات کئے جائیں۔اجلاس کے دوران ڈاکٹر حسن عسکری نے کہا کہ عام انتخابات اجتماعی قومی ذمہ داری ہے، شفاف الیکشن نگراں حکومت کی کلیدی ذمہ داری ہے۔

انتخابی سامان کی ترسیل سخت حفاظتی انتظامات میں کی جائے۔ عام انتخابات میں سب کیلئے مساوی مواقع ہوں گے، ہمارے پاس وقت کم اور چیلنج بڑا ہے لیکن عزم مضبوط ہو تو اس چیلنج سے کامیابی سے نمٹا جاسکتا ہے۔ اس کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں اور دیگر محکموں کی مشترکہ کاوشیں ناگزیر ہیں۔ متعلقہ محکمے اور ادارے بہترین کوآرڈینیشن کے تحت فرائض سرانجام دیں۔

سول اور عسکری اداروں کے درمیان موثر ہم آہنگی سے مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔بہترین انتظامیہ متوقع واقعات کے پیشگی تدارک کیلئے اقدامات کرکے اپنی پلاننگ بہتر کرسکتی ہے۔ انتخابی مہم کے دوران سیاسی جماعتوں کے لئے سیکیورٹی پلان وضع کر لیا گیا ہے۔ جلسے، جلوسوں اور ریلیوں کو بھی مرتب کردہ پلان کے تحت سیکیورٹی دیں گے۔ جلسے اور جلوسوں میں شرکت کیلئے آنے والوں کی واک تھرو گیٹ کے ذریعے چیکنگ کی جائے۔

انہوں نے کہا کہ حساس پولنگ اسٹیشنز پر امن عامہ کی فضا برقرار رکھنے کے لئے خصوصی انتظامات کئے جائیں گے۔ پولنگ اسٹیشنز کی سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے نگرانی ہوگی۔ سی سی ٹی وی کیمرے مکمل طور پر فعال ہونے چاہئیں، کیمروں کے غیر فعال ہونے کی شکایت سامنے نہیں آنی چاہیئے۔ پولنگ اسٹاف کی سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے جائیں۔ اس کے علاوہ ہم پولنگ بوتھ اور بیلٹ باکسز کی حفاظت کو بھی یقینی بنائیں گے۔

پولنگ اسٹیشن سے ریٹرننگ افسر تک نتائج اور بیلٹ باکسز کی ترسیل میں تاخیر نہیں ہونی چاہیئے۔ڈاکٹر حسن عسکری نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد یقینی بنانا ہوگا۔ انتخابی مہم کے دوران ایک دوسرے کے خلاف ناشائستہ بیانات سے گریز کیا جائے۔ الیکشن کے دوران پبلک مقامات اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے ضروری اقدامات کریں گے۔ انٹیلی جنس شیئرنگ کے نظام کو مزید موثر اور مربوط بنایا جائے، سیاسی جماعتیں انتخابی محاذ آرائی اور تصادم سے گریز کریں، ماحول کو پرامن رکھا جائے۔