لاہور چیمبر کی ممبرشپ سمیت دیگر سہولیات کی آن لائن فراہمی کے لیے جدید سسٹم کا افتتاح کردیا گیا

آج کا دور انفارمیشن ٹیکنالوجی کا دور ہے اور کوئی بھی کاروبار اس سے استفادہ کیے بغیر ترقی نہیں کرسکتا‘ صدر ملک طاہر جاوید

ہفتہ 23 جون 2018 15:17

لاہور چیمبر کی ممبرشپ سمیت دیگر سہولیات کی آن لائن فراہمی کے لیے جدید ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جون2018ء) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر ملک طاہر جاوید نے لاہور چیمبر کی ممبرشپ سمیت دیگر سہولیات کی آن لائن فراہمی کے لیے جدید سسٹم کا افتتاح کردیا ۔کسی بھی جگہ سے لاہور چیمبر کی ممبرشپ اور دیگر سروسز کے لیے درخواست دی جا سکے گی ۔ لاہور چیمبر کے صدر ملک طاہر جاوید نے کہا کہ اس اقدام کا مقصد انفارمیشن ٹیکنالوجی کو فروغ دینا اور لاہور چیمبر کی خدمات کو بین الاقوامی امعیار کا بنانا ہے، لاہور چیمبر کی ممبرشپ سروسز آن لائن کرنے سے ممبران کو سہولت ملے گی اور ان کا قیمتی وقت بچے گا۔

انہوں نے لاہور چیمبر کے ممبران پر زور دیا کہ وہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی آن لائن سروسز سے بھرپور استفادہ کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آج کا دور انفارمیشن ٹیکنالوجی کا دور ہے اور کوئی بھی کاروبار اس سے استفادہ کیے بغیر ترقی نہیں کرسکتا۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری انفارمیشن ٹیکنالوجی کو اپنی کاروباری زندگی کا اہم حصہ بنائے جس سے انہیں بین الاقوامی سطح پر جگہ بنانے اور اپنے کاروباروں کو ترقی دینے میں مدد ملے گی۔ نائب صدر ذیشان خلیل نے کہا کہ لاہور چیمبر نے ممبران کے لیے لیسکو، ایف بی آر، ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن، ٹریفک ،نادرا اور سمیڈا ڈیسک بھی قائم کررکھے ہیں، لاہور چیمبر کے ممبران کو بہتر سے بہتر خدمات کی فراہمی کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔