لاہور، ایک اور غیر ملکی سفارتکار نے موٹرسائیکل سوار کو ٹکر مار دی

مگر اس بار سفارتکار امریکی نہیں بلکہ کس ملک کا نکل آیا۔۔۔

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 23 جون 2018 14:59

لاہور، ایک اور غیر ملکی سفارتکار نے موٹرسائیکل سوار کو ٹکر مار دی
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 23 جون 2018ء) : جاپانی سفارتکار کی گاڑی نے موٹرسائیکل سوار شہری کو ٹکر مار دی۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق جاپانی سفارتکار کی گاڑی نے جین مندر کے قریب ایک موٹرسائیکل سوار کو ٹکر ماری جس کے نتیجے میں موٹرسائیکل سوار زخمی ہو گیا۔ زخمی شہری کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل 7 اپریل کو اسلام آباد میں تھانہ کوہسار کے علاقے میں امریکی سفارت خانے کے ملٹری اتاشی کی گاڑی کی ٹکر سے ایک موٹر سائیکل سوار جاں بحق جبکہ دوسرا شدید زخمی ہوگیا تھا۔

جس گاڑی سے ٹکر ہوئی تھی وہ امریکی ملٹری اتاشی کرنل جوزف ایمانوئیل خود چلا رہے تھے اور جب موٹر سائیکل کو ٹکر لگی تو دو نوجوان عتیق اور راحیل موٹر سائیکل پر سوار تھے۔

(جاری ہے)

پولیس کا کہنا تھا کہ امریکی ملٹری اتاشی کی گاڑی کی ٹکر سے عتیق موقع پر ہی دم توڑ گیا تھا جبکہ اس کے ساتھی کو شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔ نوجوان کے والدین نے کرنل جوزف کو سخت سے سخت سزا دینے کا مطالبہ کیا تھا۔

امریکہ کی جانب سے کرنل جوزف کو لے جانے کے لیے ایک خصوصی طیارہ بھی بھجوایا گیا تھا امریکہ کے خصوصی طیارے نے نور خان ائیر بیس پر چار گھنٹے انتظار کیا جس کے بعد نور خان ائیر بیس اسلام آباد سے بگرام ائیر بیس افغانستان روانہ ہو گیا۔ قبل ازیں ایف آئی اے نے نوجوان کی موٹر سائیکل کو گاڑی سے ٹکر مارنے والے کرنل جوزف کا پاسپورٹ تحویل میں لے لیا تھا۔

لیکن بعد ازاں مئی کے مہینے میں موٹر سائیکل سوار کو کچلنے کے واقعے میں ملوث امریکی سفارتکار کرنل جوزف امینوئل ہال ’بلیک لسٹ‘ سے نام نکالے جانے کے بعد نور خان ائیر بیس سے امریکی فوجی طیارے میں سوار ہو کر قطر روانہ ہوگئے۔کرنل جوزف افغانستان میں موجود بگرام ائیر بیس سے آنے والے امریکی سی 130 طیارے میں سوار ہو کر ملک سے روانہ ہوئے تھے۔