اسلام سماجی امن و انصاف ، بات چیت اور علوم کے تبادلہ کے فروغ جیسی اقدار پر زور دیتا ہے ، سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ،

انتو نیو گوئیرس کا پاکستان ارور 6اسلامی ملکوں کی طرف سے دی گئی عید ملن پارٹی سے خطاب ، اقوام متحدہ ہمدردی ، بے بسوں اور لاچاروں سے یکجہتی جیسی اسلامی اقدار کی عکاسی کرتا ہے، ملیحہ لودھی

ہفتہ 23 جون 2018 15:11

اسلام سماجی امن و انصاف ، بات چیت اور علوم کے تبادلہ کے فروغ جیسی اقدار ..
نیو یار ک۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جون2018ء) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوئیرس نے کہا ہے کہ اسلام نے سماجی امن وانصاف ، مکالمہ اور علوم کے تبادلہ کے فروغ جیسی اقدار کی اہمیت پر بڑا زور دیا ہے جبکہ رمضان مبارک میں غریبوں اور مفلسوں سے ہمدردی اور خیرسگالی جیسے جذبوں کی تجدید کی جاتی ہے۔ انہوں نے اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب اور 6اسلامی ممالک کی طرف سے مشترکہ طورپر دی گئی عید ملن پارٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلام نے امن ، یکجہتی اور علم کے تبادلہ جیسی اقدار کو فروغ کی اہمیت پر زور دیا ہے جبکہ قرآن اور حدیث میں بھی ترک وطن کرنے والوں کے تحفظ کیلئے کہا گیا ہے ۔

انہوں نے اس ضمن میں قرآن پاک اور حضور اکرمﷺ کی اس حدیث کا حوالہ بھی دیا کہ مہاجرین مسلمان اور کافروں کی بھی حفاظت کی جائیگی، جو کہ اسلام کی تحمل ، برداشت ، دوسروں کے احترام اور دریا دلی کا حقیقی مظہر ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وہ خود بھی مہاجرین کے کمشنر کے طور پر ہرسال مسلمانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے سلسلہ میں روزہ رکھتے رہے ہیں ، گذشتہ سال انہوں نے افغانستان میں روزہ رکھا جبکہ اس سال مالی میں مہاجرین کے ہمراہ روزہ رکھا تھا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے کہا کہ اسلامی اقدار کی مدد سے دنیا بھر کو مزید پرامن ، بہتر اور انصاف کی حامل دنیا بنایا جاسکتا ہے ۔ تقریب میں اقوام متحدہ میں تعینات ممالک کے سفیروں ، مندوبوں اور اقوام متحدہ کی ڈپٹی سیکرٹری جنرل آمنہ محمد نے شرکت کی ۔ اس موقع پر مہمانوں اور شرکاء کی 6اسلامی ممالک سمیت پاکستانی کھانوں سے خاطر تواضح کی گئی اور حاضرین کرام ، فارسی ، اردو ، ترکش اور دری زبان کے گانوں سے بھی محظوظ ہوئے۔