برسات سے قبل مویشیوں کو حفاظتی ٹیکے لگوا کر جانی و مالی نقصان سے بچایا جا سکتاہے ، محکمہ لائیوسٹاک

ہفتہ 23 جون 2018 14:52

فیصل آباد۔23 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جون2018ء) رواں ماہ سمیت موسم گرمامیں برسات سے قبل گائیوں، بھینسوں کو گل گھوٹو کے حفاظتی ٹیکے لگوا کر گل گھوٹو سمیت ہر قسم کی بیماریوں سے بچایا جا سکتا ہے لہذا لائیو سٹاک فارمرز کو چاہیے کہ وہ اس ضمن میں کسی غفلت کا مظاہرہ نہ کریںاور حفاظتی ٹیکے لگوانے کے لئے قریبی ویٹرنری ہسپتالوں یا ڈسپنسریز سے رابطہ کیا جا ئے ۔

محکمہ لائیوسٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ فیصل آباد کے ذرائع نے بتا یا کہ موسمی اثرات کے زیر اثر گل گھوٹو کا مرض کسی بھی وقت ہوسکتا ہے اور چھوٹی عمر کے مویشی اس مرض میں مبتلا ہو کرجلد ہلاک ہوجاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گل گھوٹو کا مرض بیمار جانوروں کی رال ، گوبراور جراثیم آلود خوراک سے تندرست مویشیوں میں بھی منتقل ہوسکتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اگر گائیوں، بھینسوں میں گلے کی سوزش، تیز بخار، نتھنے پھولنے، سانس کے ساتھ مخصوص خراٹے دار آواز آنے اور آنکھوں سے آنسو بہنے کی علامات ظاہر ہوں تو فوری طور پر گل گھوٹو سے بچاؤ کے ٹیکے لگوانے چاہئیں۔

انہوں نے بتایا کہ اس سلسلہ میں ایک فری ہیلپ لائن قائم کی گئی ہے لہذا مویشی پال حضرات کسی بھی ایمرجنسی، رہنمائی، مشاورت، معلومات کیلئے صبح 8 سے رات 8 بجے تک ہیلپ لائن نمبر0800-78686 پر رابطہ کرسکتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :