سعودی عرب، کاروباری مالیت میں کمی کا سامنا،

سرمایہ کاروں کو 12 ار ب ریال کا نقصان

ہفتہ 23 جون 2018 14:34

سعودی عرب، کاروباری مالیت میں کمی کا سامنا،
ریاض(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 جون2018ء) سعودی عرب کو گذشتہ چند روز میں کاروباری مالیت میں کمی کا سامنا رہا، سرمایہ کاروں کو 12 ار ب ریال کا نقصان اٹھانا پڑا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق گزشتہ ہفتے سعودی اسٹاک مارکیٹ میں عید کی چھٹیوں کی وجہ سے صر ف دو دن کام ہوا۔ 20 جون بروز بدھ سعودی اسٹاک مارکیٹ میں کام شروع ہوا۔ پرائس انڈکس 104 پوائنٹس نیچے آگیا۔

دوسرے دن جمعرات کو مارکیٹ 40.10 پوائنٹس بڑھ گئی۔ اس طرح ہفتہ بھر میں تداول آل شیئر انڈکس 64.06 پوائنٹس کی کمی کے بعد 8206.40 پوائنٹس پراختتام پذیر ہوا۔ سارے اشاریے منفی زون پر بند ہوئے۔ پرائس انڈکس میں 0.77 فیصد کی کمی۔ سودوں اور حجم میں بالترتیب 15 فیصد اور 27.5 فیصد کی کمی نوٹ کی گئی۔ کاروباری مالیت گھٹ کر 3.8 ارب ریال رہ گئی۔

(جاری ہے)

قیمتیں گرنے سے سرمایہ کاروں کو 12 ارب ریال کا نقصان ہوا۔

انفرادی کمپنیوں کے مطالعے سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ ہیوی ویٹ سابک کی تنزلی ہوئی جس کی قیمت 0.63 فیصد انحطاط کے بعد 126 ریال پر بند ہوئی۔ اس کے علاوہ نقصان میں جانے والی کمپنیوں میں الراجحی بینک اور پیٹرو رابغ بھی شامل ہیں جن کی قدر بالترتیب 1.61 فیصد اور 0.70 فیصد کمی کے بعد 85.60 ریال اور 28.05 ریال پر بند ہوئیں۔ امانہ انشورنس کو فوقیت حاصل رہی جس کی قیمت 11.62 فیصد فروغ کے بعد 15.94 ریال پر بند ہوئی۔

سرمایہ کاروں کو ہوشیار رہنا چاہیئے کیونکہ تداول ویب پر امانہ انشورنس کو ان کمپنیوں میں شامل کیاگیا ہے جو اپنا 20 سے 35 فیصد سرمایہ کھوچکی ہیں۔ اس کے علاوہ الراجحی تکافل کی قیمت 5.7 فیصد اضافہ کے بعد 58.70 ریال پر اختتام پذیر ہوئی۔ اگلے ہفتے مارکیٹ کھلنے کے بعد سرمایہ کاری میں اضافہ کا امکان ہے۔