Live Updates

پی ٹی آئی کے سینئر رہنماؤں کو میڈیا پر اختلافی باتیں نہیں کرنی چاہئیں ،ْجہانگیر ترین

ہفتہ 23 جون 2018 14:19

پی ٹی آئی کے سینئر رہنماؤں کو میڈیا پر اختلافی باتیں نہیں کرنی چاہئیں ..
لودھراں(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جون2018ء) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین نے کہا ہے کہ پارٹی کے سینئر رہنماؤں کو میڈیا پر اختلافی باتیں نہیں کرنی چاہئیں۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین نے کہا کہ نئے پاکستان کیلئے عمران خان کو وزیراعظم بنانا ہے جن کی قیادت میں پنجاب اور وفاق میں حکومت بنائیں گے، نوے فیصد ٹکٹس پرامن طور پر جاری کردئیے گئے ہیں اور باقی 10 فیصد بھی دئیے جارہے ہیں ،ْہم پر ٹکٹوں کے حوالے سے بہت دباؤ ہے، سب سے زیادہ لوگوں کی خواہش ہے کہ تحریک انصاف کے ٹکٹ ملے، ایسے لوگوں کو ٹکٹ دیئے جارہے ہیں جو جیت سکتے ہیں، ٹکٹ ملنے والوں کی فہرست آئندہ چوبیس گھنٹوں میں جاری ہوجائے گی۔

پی ٹی آئی کے وائس چیرمین شاہ محمود قریشی کے ساتھ ہونے والی لفظی گولہ باری پر جہانگیر ترین نے کہا کہ شاہ محمود نے جو باتیں کیں انہیں نہیں کرنی چاہئیں تھیں، پارٹی کے سینئر رہنماؤں کے درمیان ایسی باتیں نہیں ہونی چاہئیں بلکہ اپنے فیصلے بند کمروں میں بیٹھ کر کرنے چاہئیں، میڈیا پر کسی کی ذات کو نشانہ بنانا غیرمناسب ہے، میں نے شاہ محمود قریشی کے جواب میں پریس کانفرنس نہیں کی، اہم شخصیات کی حمایت کے موقع پر سوال پوچھے گئے تو شاہ محمود سے متعلق بات ہوگئی۔

(جاری ہے)

جہانگیر ترین نے کہا کہ میرا بیٹا آکسفورڈ میں پڑھائی میں مصروف ہے، میں الیکشن نہیں لڑرہا ، میرا بیٹا الیکشن نہیں لڑرہا، مگر ہر امیدوار میرا اپنا ہے، سیاست میں ڈیڈلاک بھی آتے ہیں اور ختم بھی ہوجاتے ہیں۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات