سرگودھا ،ْ نامعلوم افراد کی فائرنگ سے شدید زخمی سترہ سالہ ارشد کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال منتقل کردیا گیا

ہفتہ 23 جون 2018 13:07

سرگودھا ،ْ نامعلوم افراد کی فائرنگ سے شدید زخمی سترہ سالہ ارشد کو ڈسٹرکٹ ..
سرگودھا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جون2018ء) نواحی چک 11 شمالی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے باپ محمد طفیل ، ماں مجیداں بی بی ، بھائیوں کاشف،ثمر اوربہن ثنائ کے قتل میں شدید زخمی سترہ سالہ ارشد کو تشویشناک حالت کے باعث ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال سرگودھا منتقل کردیا گیا۔ذرائع کے مطابق مقتول محمد طفیل کا ایک بیٹا آصف شہر میں بیکری پر کام کرنے کی وجہ سے گھر پر نہیں تھا جس کے باعث اس کی جان بچ گئی۔

ابتدائی تفتیش کے مطابق گھر کے اندر ہی پانچوں مقتولین کو 30بور پستول سے فائر کرکے قتل کیا گیا۔ مقتول میاں بیوی طفیل اور مجیداں بی بی گھر کے صحن میں سوئے ہوئے تھے جبکہ دوبیٹے کاشف، ثمر اور بیٹی ثناء بی بی اندر کمرے میں سوئے ہوئے تھے۔ مقتولین جس حالت میں سوئے ہوئے تھے انہیں اسی حالت میں موت کے گھاٹ اتاردیا گیا جس سے انہیں نشہ آور چیز دینے یا بہوش کرنیکا شبہ بھی کیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

جس کی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں حقائق سامنے آئیں گے۔مقتول طفیل شہر میں مٹھائی کی دکان پر کام کرتا تھا اس کے پانچ بھائی ہیں جن میں سے دو اسی گاؤں چک نمبر11شمالی میں رہائش پزیر ہیں جبکہ دو بھائی بیرون ملک کام کرتے ہیں۔ ایک بھائی محمد حسین علاقہ میں کونسلر ہے علاقہ کے لوگوں کا کہنا ہے کہ یہ خاندان انتہائی شریف ہے کبھی کسی لڑائی جھگڑے میں ملوث نہیں رہا۔

پولیس فرانزک ٹیم کو موقع سے گولیوں کے آٹھ خول ملے ہیں جنھیں ایک ہی پسٹل 30بور سے فائر کیا گیا ہے۔ مقتولین کے ہمسائے نے بتایا کہ انہوں نے رات کو فائرنگ کی آواز سنی لیکن کسی کو بھاگتے نہیں دیکھا۔پولیس نے تمام حالات و واقعات اور شواہد پر تفتیش کا دائرہ کار وسیع کر دیا ہے اور مقتول کے زندہ بچ جانے والے بیٹے اور دونوں بھائیوں سے بھی پوچھ گھچ کی جا رہی ہے۔تاہم ابھی پولیس مصروف تفتیش ہے۔معلوم ہوا ہے کہ آئی جی پنجاب سمیت حکام نے گھر کے اندر پانچ افراد کے فائرنگ سے قتل کے واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی ہے جہنیں ابتدائی صورتحال سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔