Live Updates

قصور کی ننھی زینب کے قاتل عمران علی کو سر عام پھانسی دی جائے

زینب کے والد محمد امین نے ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 23 جون 2018 12:38

قصور کی ننھی زینب کے قاتل عمران علی کو سر عام پھانسی دی جائے
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 23 جون 2018ء) : قصور میں جنسی درندگی کا نشانہ بننے والی ننھی زینب کے والد نےمجرم عمران خان کے خلاف ایک مرتبہ پھر عدالت سے رجوع کر لیا ہے۔ ننھی زینب کے والد محمد امین نے مجرم عمران علی کے خلاف ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی ۔ درخواست میں کہا گیا کہ مجرم عمران علی کی تمام درخواستیں مسترد کی جا چکی ہیں، درخواست میں استدعا کی گئی کہ زینب کے قاتل مجرم عمران علی کو سرعام پھانسی دی جائے۔

یاد رہے کہ کوٹ لکھپت جیل میں زینب قتل کیس کے مرکزی مجرم عمران علی کو چار مرتبہ سزائے موت دینے کا حکم دیا گیا ۔ زینب قتل کیس کے مجرم عمران علی کی سزا کے خلاف اپیل خارج کی جا چکی ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں سماعت کے دوران جسٹس صداقت علی نے کہا کہ عدالتیں بروقت فیصلہ کریں تو آپ کو اعتراض نہیں کرنا چاہئئے ۔

(جاری ہے)

جسٹس شہرام سرور نے کہا کہ زینب قتل کیس میں مجرم عمران کا ڈی این اے میچ ہونے پر اسے پکڑا گیا ، مجرم عمران نے سزا میں کمی کی اپیل کی ،آپ بریت کی بات کر رہے ہیں؟ عمران کے وکیل نے کہا کہ اصل مجرم عمران علی نہیں ہے۔

جس پر جسٹس شہرام سرور نے کہا کہ 1187میں سے صرف عمران کا ڈی این اے میچ ہوا۔عدالت کا کہنا تھا کہ تفتیش میں ثابت ہو چکا کہ عمران ہی اصل مجرم ہے۔ جس کے بعد لاہور ہائیکورٹ نے عمران کی سزا کا فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے سزا کے خلاف اپیل خارج کر دی۔ لاہور ہائیکورٹ نے مجرم عمران علی کو ماتحت عدالت کی جانب سے دی گئی سزائے موت کی توثیق کر دی۔قصور میں رواں سال کے آغاز میں ہی ننھی زینب کو اغوا کرنے کے بعد جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا اور قتل کر دیا گیا۔

زینب کی لاش 9 جنوری کو کچرے کے ڈھیر سے برآمد ہوئی جس کے بعد چیف جسٹس آف پاکستان میاں ثاقب نثار نے زینب کے معاملے پر 10 جنوری کو از خود نوٹس لیا۔ 21 جنوری کو چیف جسٹس نے اس کیس کی سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں سماعت کی جس دوران انہوں نے کیس میں ہوئی پیش رفت پر عدم اعتماد کا اظہار کیا اور تفتیشی اداروں کو تحقیقات کرنے کے لیے 72 گھنٹے کی مہلت دے دی۔ مہلت ملنے کے 48 گھنٹوں بعد ہی پولیس نے زینب سمیت 8 بچیوں سے زیادتی اور قتل کیس میں ملوث ملزم عمران کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا جس کا اعلان بعد ازاں ایک پریس کانفرنس میں وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کیا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات