شاہ سلمان ریلیف مرکز کے زیراہتمام جنگ سے متاثر80 یمنی بچوں کی بحالی

شاہ سلمان ریلیف مرکز جنگ میں جھونکے گئے کل 2000 بچوں کی بحالی کے پروگرام پر کام کررہا ہے،بیان

ہفتہ 23 جون 2018 12:44

صنعائ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جون2018ء) یمن میں حوثی شدت پسندوں کی جانب سے جنگ میں جھونکے بچوں کی بحالی کے لیے شاہ سلمان ریلیف سینٹر بحالی پروگرام کے پانچویں اور چھٹے مرحلے کا آغاز کردیا ہے۔ اس مرحلے میں جنگ سے متاثرہ 80 بچوں کو بحالی پروگرام سے گذارنے کے بعد ان کے گھروں کو بھیجا جائے گا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ان بچوں کا تعلق یمن کے مختلف شہروں سے ہے۔

چوتھے مرحلے میں 161 بچوں کی بحالی کا عمل مکمل کیا گیا تھا جب کہ شاہ سلمان ریلیف مرکز یمن میں جنگ سے متاثرہ اور حوثیوں کی جانب سے جنگ میں جھونکے گئے کل 2000 بچوں کی بحالی کے پروگرام پر کام کررہا ہے۔یمن میں بچوں کی بحالی کے جامع پروگرام کا دورانیہ ایک ماہ پر مشتمل ہوتا ہے جس میں بچوں کے نفسیاتی، تعلیمی، خانگی اور دیگر امور پرخصوصی توجہ دی جاتی ہے اور انہیں بہ حفاظت ان کے اہل خانہ سے ملایا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

یمن میں 2014ء سے مسلسل بغاوت جاری رکھنے والے حوثی شدت پسندوں کو شدید افرادی قلت کا سامنا ہے اور وہ اپنی افرادی قلت کو بچوں کو زبردستی جنگ میں اتار کر پوری کرنے مذموم کوشش کرتے ہیں۔ یمن کے مغربی ساحلی محاذ پر باغیوں کو بدترین شکست کا سامنا ہے اور اطلاعات ہیں کہ مزید شکست سے بچنے کے لیے باغیوں نے صنعاء سے تعلق رکھنے والے بچوں کو جنگ میں اتارنا شروع کردیا ہے۔

متعلقہ عنوان :