لاڑکانہ، چانڈکا ہسپتال کے باہر گندگی کے ڈھیر،

لیبارٹری کی صورتحال پرچیف جسٹس برہم انتظامیہ کو مریضوں کا بہتر علاج معالجہ یقینی بنانے کی ہدایت چیف جسٹس نے اسپتال کے باہر درخت کے سائے میں کھڑے ہو کر سائلین کی درخواستیں سنیں

ہفتہ 23 جون 2018 12:17

لاڑکانہ، چانڈکا ہسپتال کے باہر گندگی کے ڈھیر،
لاڑکانہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 جون2018ء) چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے لاڑکانہ میں واقع چانڈکا میڈیکل کالج اسپتال کے دورے کے دوران یورولوجی ڈپارٹمنٹ کے اطراف گندگی کے ڈھیر اور لیبارٹری کی خراب صورتحال پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اسپتال انتظامیہ کی سرزنش کی۔ ہفتہ کو چیف جسٹس جسٹس ثاقب نثار نے لاڑکانہ میں واقع چانڈکا میڈیکل کالج اسپتال کا دوراہ کیا اس موقع پر چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ احمدعلی شیخ بھی جسٹس ثاقب نثار کے ہمراہ تھے۔

(جاری ہے)

چیف جسٹس نے چانڈکا اسپتال میں داخل مریضوں سے دوا وں سے متعلق بھی پوچھ گچھ کی اور اسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ مریضوں کا بہتر علاج معالجہ یقینی بنایا جائے۔چیف جسٹس نے اسپتال کے باہر درخت کے سائے میں کھڑے ہو کر سائلین کی درخواستیں بھی سنیں۔بعدازاں چیف جسٹس شیخ زید اسپتال پہنچے اور ویمن او پی ڈی کا دورہ کیا۔اس سے قبل چیف جسٹس نے سیشن کورٹ کی مختلف عدالتوں کا بھی دورہ کیا اور سائلین سے مقدمات سے متعلق معلومات لیں۔چیف جسٹس نے ماتحت عدلیہ کو ہدایت کی کہ مقدمات میرٹ پر اور جلد نمٹائے جائیں۔چیف جسٹس پاکستان نے لاڑکانہ میں پولیس ہیڈ کوارٹرز کا بھی دورہ کیا اور مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا۔