شارجہ: دس دُکانیں لُوٹنے والا دلیر چور آخر قابو آ ہی گیا

ملزم نے چوریوں کا سامان صحرا میں ایک خفیہ مقام پر چھُپا رکھا تھا

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 23 جون 2018 12:06

شارجہ: دس دُکانیں لُوٹنے والا دلیر چور آخر قابو آ ہی گیا
شارجہ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23جُون 2018ء) متحدہ عرب امارات میں ایک نہیں‘ دو نہیں بلکہ پُوری دس دُکانوں میں چوری کرنے ولا بالآخر قانون کے شکنجے میں آ ہی گیا۔ ملزم نے شارجہ میں سجاء اور مرکزی علاقوں کو اپنی چوریوں کا نشانہ بنا رکھا تھا۔ شارجہ پولیس کے مطابق ملزم کا تعلق ایک ایشیائی مُلک سے ہے۔اس حوالے سے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے شارجہ کے سنٹرل ریجن کے کریمنل انوسٹی گیشن ڈیپارٹمنٹ کے ہیڈ میجر عبداللہ الملیح نے شارجہ پولیس کے آفیشل انسٹا گرام اکاؤنٹ پر بتایا کہ ملزم نے اپنے جرائم کا اعتراف کر لیا ہے۔

ملزم نے چوری کی ان تمام وارداتوں میں لُوٹا گیا سامان صحرا میں ایک خفیہ مقام پر چھُپا رکھا ہے‘ جس کی وہ نشاندہی نہیں کر رہا‘ تاہم پولیس کی جانب سے تفتیش جاری ہے اور اُمید ہے کہ ملزم سے سامان کی برآمدگی کر لی جائے گی۔

(جاری ہے)

میجر عبداللہ الملیح کا کہنا تھا کہ ملزم نے اپنی وارداتوں کا نشانہ کریانہ‘ موبائل فونز اور دُوسری دُکانوں کو بنایا۔

پولیس نے سنٹرل ریجن اور سجاء کے علاقوں سے چوری کی مختلف وارداتوں کی بہت سے شکایات موصول کی تھیں۔ جس کی بنیاد پر خصوصی ٹیم تشکیل دے کر ان چوریوں کو انجام دینے والے شاطر چور کا بالآخر پتا لگا لیا گیا ہے۔ اس موقع پر میجر عبداللہ الملیح نے کہا کہ تمام دُکانداروں کو اپنی دُکانوں کی حفاظت کا خصوصی اہتمام کرنا چاہیے۔ اس مقصد کے لیے سیکیورٹی کیمرہ انسٹال کرنا چاہئیں اور دُکان بند کرنے کے بعد تسلّی کر لینی چاہیے کہ دُکان اچھی طرح سے لاک ہے۔ دُکان کے آس پاس کوئی مشکوک شخص پھِرتا نظر آئے تو اس کی سرگرمیوں پر نظر رکھیں۔ دُکان میں رات کے وقت غیر ضروری طور پر کیش نہیں رکھنا چاہیے۔ اس کے علاوہ اینٹی تھیفٹ الارم ہونا بھی چوری کے سدباب میں موثر کردار نبھا سکتا ہے۔