ابو ظہبی: سرکاری راز افشا ء کرنے کے جُرم میں تین سال قید کی سزا

سرکاری ادارے میں ملازم شخص اہم دستاویزات سوشل میڈیا پر ظاہر کر رہا تھا

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 23 جون 2018 11:46

ابو ظہبی: سرکاری راز افشا ء کرنے کے جُرم میں تین سال قید کی سزا
ابو ظہبی( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23جُون 2018ء) ابو ظہبی کی عدالت نے ایک سرکاری ملازم کو تین سال کے لیے جیل بھیج دیا۔ ملزم پر الزام تھا کہ اُس نے اہم سرکاری راز سوشل میڈیا کی سائٹس پر پوسٹ کیے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز ابو ظہبی کی مقامی عدالت کے جج نے ایک ملزم کو پیشہ ورانہ بددیانتی کا مرتکب ہونے اور اپنی ملازمت اور ادارے سے متعلقہ معلومات سوشل میڈیا پر ظاہر کرنے پر تین سال کی سزا سُنائی ہے۔

ملزم ایک سرکاری ادارے میں ملازم تھا جس نے اپنی ادارے کی اہم اور حساس معلومات سوشل میڈیا پر ظاہر کر دیں۔ عدالت نے اپنے فیصلے میں حکم سُنایا کہ ملزم کا موبائل فون ضبط کر لیا جائے اس کے تمام سوشل میڈیا اکاؤنٹس بلاک کر دیئے جائیں۔ عدالت نے ملزم کو پولیس کی حراست سے بھاگنے کے جُرم میں ایک سال اضافی قید کی سزا سُنائی ہے۔

(جاری ہے)

سرکاری استغاثہ نے تفتیش کے بعد عدالت کو بتایا کہ ملزم نے اپنے عہدے کا غلط فائدہ اُٹھاتے ہوئے کمپیوٹر میں محفوظ دفتری امور سے متعلق اہم معلومات تک رسائی حاصل کی اور پھر اسے کاپی کر کے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر شیئر کیا۔

اس کے علاوہ ان معلومات پر اپنے کمنٹس بھی دِیا۔ ان معلومات کی تشہیر ہونے پرمحکمے کی جانب سے ملزم کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی اور پولیس نے اسے حراست میں لیا۔ مگر وہ پولیس کو چکمہ دے کر فرار ہو گیا ۔ بعد ازاں اُسے دوبارہ گرفتار کر لیا گیا۔ملزم کا معلومات شیئر کا فعل پیشہ ورانہ بددیانتی کے زمرے میں آتا ہے کیونکہ کوئی سرکاری ملازم اپنے کام اور ادارے سے متعلق اہم معلومات کا امین ہوتا ہے اور کسی کو بھی اجازت نہیں ہوتی کہ وہ اپنے محکمے کی حساس نوعیت کی معلومات کو مشتہر کرتا پھرے۔ ملزم کا یہ اقدام سنگین نوعیت کے جُرم کے ضمن میں آتا ہے اور قابلِ سزا ہے۔