آئین کی پاسداری کرنا ہوگی ‘ ادارے آئین کے مطابق اپنی حدود میں رہ کر کام کریں‘ سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر

ہمارے ہاں سیاست کا بیانیہ مختلف ہو رہا ہے کوئی ووٹ کوعزت دو کی بات کر رہا ہے اور کوئی یوٹرن لے رہا ہے ‘گفتگو

جمعہ 22 جون 2018 23:50

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 جون2018ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر نے کہا ہے کہ معیاری جمہوریت حاصل کرنے کیلئے آئین کی پاسداری کرنا ہوگی اور ادارے آئین کے مطابق اپنی حدود میں رہ کر کام کریں۔جمعہ کے روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مصطفی نواز کھوکھر نے کہا کہ معیاری جمہوریت کو حاصل کرنے کیلئے ہمیں آئین کی پاسداری کرنا پڑی گی ۔

اس ملک میں آئین پر عمل ہونا چاہئے اور تمام ادارے اپنی حدود میں رہ کر کام کریں۔ ہمارے ہاں سیاست کا بیانیہ مختلف ہو رہا ہے ۔ کوئی ووٹ کوعزت دو کی بات کر رہا ہے اور کسی کا کوئی نظریہ ہی نہیں ہے اور وہ یوٹرن پریوٹرن لے رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کے لئے اس وقت انتہائی اہم چیز ہے کہ ملک عالمی سطح پر تنہائی کاشکار ہوچکا ہے جبکہ اندرونی طورپر بہت سے مسائل میں گھرا ہوا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ آنیوالی حکومت میں کوئی سیاسی جماعت اکثریت حاصل نہیں کرسکے گی ۔اس لئے تمام سیاسی جماعتوں کوملکر ایک متفقہ سوچ اپنانی چاہئے کیونکہ ہم نے اس ملک کو آگے لیکر جانا ہے ۔مصطفی نواز کھو کھر نے کہا کہ ہم نے اپنا منشور تیار کرلیا ہے اس کا اعلان اس ماہ کے آخر میں مشتہر کردیں گے۔نوجوانوں کیلئے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی طرز پر انقلابی پروگرام پیش کئے جائیں گے ۔

متعلقہ عنوان :