Live Updates

الیکشن جیتنے کے لیے لڑ رہے ہیں ،جیتیں گے تو ملک میں تبدیلی لے کر آئیں گے‘ عمران خان

ٹکٹ صرف ان امیدواروں کو جاری کیے جو انتخاب لڑنے کی ’’سائنس ‘‘جانتا ہے،ٹکٹوں کی تقسیم 126 کے دھرنے سے مشکل کام ہے کل میانوالی کے ہاکی اسٹیڈیم سے ملک گیر انتخابی مہم شروع کروں گا ،عوام کو شرکت کی دعوت دیتا ہوں ،دھرنے پر بیٹھے کارکنوں سے خطاب / ویڈیو پیغام

جمعہ 22 جون 2018 23:20

الیکشن جیتنے کے لیے لڑ رہے ہیں ،جیتیں گے تو ملک میں تبدیلی لے کر آئیں ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جون2018ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ انتخابی ٹکٹ صرف ان امیدواروں کو جاری کیے جو انتخاب لڑنے کی ’’سائنس ‘‘جانتا ہے،انصاف کے لیے 126 دن ڈی چوک میں دھرنا دیا لیکن اس سے بھی مشکل کام ٹکٹوں کی تقسیم ہے۔انتخابی ٹکٹوں کی تقسیم کے معاملے پر بنی گالہ میں دھرنے پر بیٹھے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ساڑھے 4 ہزار لوگوں نے ٹکٹ کے لیے درخواستیں جمع کرائی تھیں، ہم نے امیدواروں کو ٹکٹ دئیے، لوگوں نے اعتراض کیا جس پر ہم نے نظر ثانی کی۔

انہوں نے کہا کہ ٹکٹوں کی تقسیم پر اعتراض آپ لوگوں کا حق تھا، آپ لوگوں کو یقین دلاتا ہوں کہ تین روز میں ٹکٹوں کی تقسیم کا جائزہ لے کر فیصلہ کروں گا، کسی کے ساتھ نا انصافی نہ ہو جائے اس لیے اللہ سے ڈرتا ہوں۔

(جاری ہے)

چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ زیادہ تر حلقوں میں واضح تھا کہ ٹکٹ کس کو ملنا چاہیے اس لیے ٹکٹ ان امیدواروں کو جاری کیے جو الیکشن لڑنا جانتے ہیں، الیکشن جیتنے کے لیے لڑ رہے ہیں کیونکہ جیتیں گے تو ملک میں تبدیلی لے کر آئیں گے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کے کسی بھی رشتہ دار یا دوست کو ٹکٹ نہیں ملا۔سب سے مشکل کام خواتین کو ٹکٹ دینا ہے، (ن) لیگ میں کوئی میرٹ نہیں ہے، وہاں پر جن خواتین کو ٹکٹ ملے ان میں سے کوئی کسی کی بیوی ہے، کوئی خالہ ہے تو کوئی کسی کی بہن ہے۔ علاوہ ازیںعمران خان نے کل (اتوار )کو میانوالی سے ملک گیر انتخابی مہم شروع کرنے کا اعلان کر دیا ۔اپنے ویڈیو بیان میں عمران خان نے کہا کہ میانوالی سے انتخابی مہم شروع کرنے کے پیچھے خاص مقصد ہے کیونکہ 2002کے انتخابات میں میانوالی کے لوگوں نے مجھے پہلی مرتبہ منتخب کیا، اگر میانوالی کے عوام میرا ساتھ نہ دیتے تو شاید آج سیاست نہ کر رہا ہوتا۔

انہوں نے کہا کہ میانوالی کے نوجوانوں کی بدولت تحریک انصاف آج سب سے بڑی جماعت بن چکی ہے اور میانوالی سے انتخابی مہم سے ملک میں تحریک انصاف کی حکومت قائم ہوگی۔ان کا کہنا ہے کہ اتوار کی شام میانوالی کے ہاکی اسٹیڈیم سے 2018 کی انتخابی مہم کا آغاز کروں گا جس میں میانوالی کی عوام کو شرکت کی دعوت دیتا ہوں۔عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو وہ ملک بنائیں گے جس کے لیے قائد اعظم نے کوشش اور اقبال نے خواب دیکھا اور تحریک انصاف ہی پاکستان کے عظیم خواب کو شرمندہ تعبیر کرے گی۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات