8 سال پہلے وفات پا جانے والاشخص الیکشن لڑنے آ گیا

ذاکر حسین 2010 میں وفات پا گیا تھا ،2018 میں پی ایس 78 سے آذاد حیثیت سے کاغذات نامزدگی جمع کروا دئیے

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس جمعہ 22 جون 2018 22:12

8 سال پہلے وفات پا جانے والاشخص الیکشن لڑنے آ گیا
ٹھٹھہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 22 جون 2018ء) :8 سال پہلے وفات پا جانے والاشخص الیکشن لڑنے آ گیا۔ ذاکر حسین 2010 میں وفات پا گیا تھا ،2018 میں پی ایس 78 سے کاغذات نامزدگی جمع کروا دئیے۔تفصیلات کے مطابق 2018 الیکشن کا سال ہے۔ایک طرف سیاستدان اپنا سکہ جمانے کے لیے پرجوش ہیں تو دوسری جانب عوام بھی اپنے نئے نمائندوں کے چناو کو لے کر خاصے پر عزم دکھائی دیتے ہیں ۔

سیاسی جماعتوں کی جانب سے مختلف سیاسی پہلوانوں کو ٹکٹیں جاری کرنے اور انتخابی اکھاڑے میں اتارے جانے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ایسے میں یہ بھی طے ہورہا ہے کہ کون سا بڑا سیاسی نام انتخابات میں کس کا سامنا کرے گا۔انتخابی امیدواروں کی جانب سے کاغذات نامزدگی جمع کروائے جاچکے ہیں جس کے بعد جانچ پڑتال کا عمل مکمل ہو گیا ہے۔

(جاری ہے)

کچھ امیدواروں کو ہری جھنڈی دکھائی جاچکی ہے جبکہ کچھ کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے بعد اپیلوں کے مرحلے سے گزریں گے۔

ایسے میں ٹھٹھہ میں ناقابل یقین طور پر مردہ شخص الیکشن لڑنے سامنے آچکا ہے۔ذاکر حسین نامی آدمی 22 ستمبر 2018 میں وفات پاچکا تھا اور اب 2018 میں پی ایس 78 سے آزاد حیثیت سے الیکشن لڑنے کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کروا دئیے ہیں۔اس حوالے سے کہا یہ جارہا ہے کہ مذکورہ شخص مرا نہیں تھا بلکہ اس نے فراڈ کے کیس میں خود کو سزا سے بچانے کے لیے خود کو مردہ ظاہر کیا تھا۔

اس سے انور مقصود کا ایک ڈرامہ عرصے بعد سچ ثابت ہوگیا جس میں انہوں نے بتایا تھا کہ کس طرح ہمارے انتخابی عمل میں موجود کمزوریاں مختلف بلنڈرز کو جنم دیتی ہیں اور اس ڈرامے میں ایک مردہ شخص یونہی الیکشن لڑنے کے لیے زندہ ہوجاتا ہے۔اس پر انور مقصود کا کہنا تھا کہ میرے ڈرامے پر واویلا کرنے والوں کو آج جواب مل گیا۔میرا کام معاشرے میں موجود کمزوریوں کی نشاندہی کرنا ہے،میں ایسے بہت سے لوگوں کو جانتا ہوں جنہوں نے مفاد کے تحت پہلے خود کو مردہ ظاہر کیا اور بعد میں زندہ ہو کر سامنے آگئے۔