خواجہ سلمان رفیق نے نیب میں پیش ہو کر بیان ریکارڈ کرادیا ،فواد حسن فواد طلبی کے باوجود پیش نہ ہوئے

نیب نے خواجہ سعد رفیق ،خواجہ سلمان رفیق کو پیراگون سٹی کیس میں ایک اور سوالنامہ بھجوادیا ‘ذرائع ڈیڑھ گھنٹے تک بیان ریکارڈ کرایا ،دیگر جماعتوں کے لوگوں کے بھی نیب میں کیسز ہیں ان کو کیوں نہیں بلایا جاتا ‘ میڈیا سے گفتگو

جمعہ 22 جون 2018 22:56

خواجہ سلمان رفیق نے نیب میں پیش ہو کر بیان ریکارڈ کرادیا ،فواد حسن فواد ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جون2018ء) مسلم لیگ (ن) کے رہنما و سابق وزیر صحت پنجاب خواجہ سلمان رفیق نے پیراگون سٹی کیس میں نیب کے سامنے پیش ہو کر بیان ریکارڈ کرادیا جبکہ آشیانہ اقبال کیس میں فواد حسن فواد طلبی کے باوجود پیش نہ ہوئے ۔ تفصیلات کے مطابق قومی احتساب بیورو (نیب )لاہور کی جانب سے پیراگون سٹی کیس میں طلب کیے جانے پر خواجہ سلمان رفیق دوسری بار پیش ہوئے اور ڈیڑھ گھنٹے تک بیان ریکارڈ کرایا۔

ذرائع کے مطابق نیب لاہور کی جانب سے سابق وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق اور ان کے بھائی سابق صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کو پیراگون سٹی کیس میں ایک اور سوالنامہ بھجوادیا ہے ۔بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ الیکشن کے دنوں میں انہیں اور ان کے بھائی کو بار بار نیب میں بلایا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

ہم الیکشن بھی لڑیں گے اور نیب کی محبتیں بھی سمیٹیں گے۔

شفاف الیکشن کیلئے سب کو کھلا میدان ملنا چاہیے۔خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ دیگر سیاسی جماعتوں کے اہم لیڈروں کے بھی نیب میں کیسز ہیں لیکن نیب میں صرف مسلم لیگ (ن) کے کارکنان کو ہی طلب کیا جا رہا ہے۔دوسری جانب آشیانہ اقبال کیس میں سابق وزیر اعظم کے پرنسپل سیکریٹری فواد حسن فواد نیب کے سامنے پیش نہ ہوئے۔ فواد حسن فواد نو بار طلب کیے جانے پر صرف تین مرتبہ نیب کے سامنے پیش ہوئے ہیں۔ذرائع کے مطابق اس حوالے سے چیئرمین نیب کو بھی رپورٹ بھجوائی جائے گی۔