Live Updates

ٹکٹ پارلیمانی بورڈ کی سفارشات کی روشنی میں ہی جاری کیے جائیں گے‘شہباز شریف

نیازی اور زرداری کی نااہلی اور نالائقی کی وجہ سے کے پی اور سندھ کے عوام نے انہیں مسترد کردیا ‘صدر مسلم لیگ (ن)

جمعہ 22 جون 2018 22:55

ٹکٹ پارلیمانی بورڈ کی سفارشات کی روشنی میں ہی جاری کیے جائیں گے‘شہباز ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جون2018ء) مسلم لیگ (ن)کے صدر میاں محمد شہباز شریف کی زیر صدارت عام انتخابات کے لیے ٹکٹوں کی تقسیم اور امیدواروں کی فہرستوں کو حتمی شکل دینے کے لیے مختلف صوبوں اور پنجاب کے مختلف اضلاع کے رہنمائوں کے ساتھ مشاورتی اجلاس ۔ مختلف مشاورتی اجلاسوں کے دوران گفتگو کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے کہا کہ ٹکٹ ہر صورت صرف اور صرف میرٹ پر دیے جائیں گے۔

ٹکٹوں کی تقسیم کے حوالے سے پارلیمانی بورڈ نے تمام امیدواروں کے انٹرویو کیے ہیں اور اس حوالے سے بورڈ کی سفارشات موجود ہیں۔ شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے پارلیمانی بورڈ کی سفارشات کی روشنی میں ہی ٹکٹ جاری کیے جائیں گے۔ شہباز شریف نے کہا کہ میرٹ، پارٹی ڈسپلن اور مسلم لیگ (ن) کے ساتھ وفاداری کو ترجیح دی جائے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے عوام مسلم لیگ (ن )سے والہانہ محبت کرتے ہیں،خیبر پختونخوا میں پی ٹی آئی کی ناقص کارکردگی عوام کے سامنے ہے۔

پی ٹی آئی نے پانچ سال میں پختونخوا کے عوام کے ساتھ کیا گیا ایک بھی وعدہ پورا نہیں کیا۔ نیازی اور زرداری کی نااہلی اور نالائقی کی وجہ سے کے پی اور سندھ کے عوام نے انہیں مسترد کردیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے عوام کی خدمت کی ہے ہماری کارکردگی عوام کے سامنے ہے۔ پی ٹی آئی کے پاس دکھانے کو کچھ نہیں۔ شہباز شریف نے کہا کہ پنجاب مسلم لیگ ن کا قلعہ ہے۔

یہاں سینکڑوں میگا پروجیکٹس لگائے ہیں۔ جن میں قوم کے اربوں روپے کی بچت کی ۔ پنجاب میں ہر شعبے میں بے مثال ترقی ہوئی جس کی تعریف کرنے پر عالمی ادارے بھی مجبور ہیں۔ آئندہ الیکشن میں اگر اللہ نے موقع دیا تو خیبر پختونخوا ، سندھ اور بلوچستان کو بھی پنجاب جیسا بنا کر دکھائیں گے۔ شہباز شریف نے کہا کہ آج اگر پورے ملک میں امن قائم ہے تو یہ مسلم لیگ ن کی قیادت کی بہترین پالیسیوں کا مرہون منت ہے۔

ہم نے کراچی کی بد امنی کو امن میں بدلا اور سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کیا۔ کراچی کا امن ہی سندھ سے مسلم لیگ ن کی جیت کی نوید ہے۔ صدر مسلم لیگ ن نے کہا کہ ہماری حکومت کی وفاق اور پنجاب میں بہترین کارکردگی آئندہ الیکشن میں ہماری کامیابی کی دلیل بنے گی اورمسلم لیگ ن انشاء اللہ چاروں صوبوں سے جیتے گی۔ اجلاس میں شہباز شریف کے آئندہ دورہ کراچی کے حوالے سے بھی مشاورت کی گئی۔ انہوں نے اجلاس میں موجود رہنماؤں کو بیگم کلثوم نواز کی صحت کے حوالے سے بھی بتایا اور ان کی دعاؤں پر شکریہ ادا کیا۔
Live وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق تازہ ترین معلومات