متحدہ عرب امارات میں زائد المیعاد ویزہ والے غیر قانونی رہائشیوں کے لیے خوش خبری

ویزے میں توسیع کروانے کے لیے تین ماہ کی اضافی مُدت دے دی گئی، سہولت سے مستفید ہونے کا آغاز یکم اگست سے ہوگا

muhammad ali محمد علی جمعہ 22 جون 2018 21:23

متحدہ عرب امارات میں زائد المیعاد ویزہ والے غیر قانونی رہائشیوں کے ..
دُبئی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22جُون 2018ء) متحدہ عرب امارات کی سرزمین کو بیرونِ مُلک روزگار کے خواہش مند افراد کے لیے جنت قرار دِیا جاتا ہے۔ امیگریشن کی نرم پالیسیوں کے باعث دُنیابھر سے لاکھوں افراد یہاں مقیم ہیں اور رزق کما کر اپنے گھر والوں کی کفالت کرتے ہیں۔ ملازمین کے حقوق کے تحفظ اور فلاح و بہبود پر مبنی پالیسیوں کو دُنیا بھر میں سراہا جاتا ہے۔

انہی عمدہ پالیسیوں کی بناء پر متحدہ عرب امارات دِن دُگنی رات چوگنی ترقی کر رہا ہے۔ گزشتہ دِنوں متحدہ عرب امارات کی کابینہ کی جانب سے ویزہ پالیسیوں میں مزید نرمی اختیار کرتے ہوئے بہت سے فیصلے لئے گئے ہیں۔ ان فیصلوں میں سے ایک شاندار فیصلہ ایسے غیر مُلکیوں کے لیے ہے جو ویزے کی مُدت ختم ہونے کے بعد بھی یہاں غیر قانونی طور پر رہائش پذیر ہیں اور انہوں نے ابھی تک ویزے کی مُدت میں توسیع نہیں کروائی ہے۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے فیڈرل اتھارٹی آف آئیڈنٹِٹی اینڈ سٹیزن شپ کی جانب سے ایک نیا سلسلہ شروع کیا گیا ہے جس کا عنوان ہے ’اپنے سٹیٹس میں تبدیلی کروا کر خود کو تحفظ دیں‘ ۔ اس سلسلے کے تحت امارات بھر میں غیر قانونی طور پر مقیم غیر مُلکی باشندوں کو اپنے ویزے کی مُدت میں توسیع کروانے کی سہولت دی جا رہی ہے۔ اپنے سٹیٹس کی تبدیلی کروانے کے دوران اُنہیں گزشتہ عرصے کے دوران غیر قانونی قیام پر کسی قسم کی قانونی کارروائی کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا اور نہ اُن پر اس ضمن میں کوئی جرمانہ عائد کیا جائے گا۔

اس سہولت کا آغاز یکم  اگست سے ہوگا۔ متحدہ عرب امارات میں غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کو 2 آپشنز دی گئی ہے۔ یا تو وہ معمولی سی فیس ادا کرکے اپنے ویزے کی مدت میں توسیع کروا سکتے ہیں، یا بنا کسی فیس کی ادائیگی کے کلئیرنس حاصل کرکے متحدہ عرب امارات کو خیر آباد کہہ سکتے ہیں۔ تاہم متحدہ عرب امارات کو خیر آباد کہنے کے خواہش مند غیر ملکیوں کو دوبارہ 2 سال تک ملک میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ملے گی۔

فیڈرل اتھارٹی آف آئیڈنٹِٹی اینڈ سٹیزن شپ کے چیئرمین علی محمد بن حماد الشمسی کے مطابق یہ فیصلہ امارات کی کابینہ کی جانب سے لیا گیا ہے جس سے موجودہ رہائشی نظام میں بہت مثبت تبدیلی دیکھنے مِلے گی۔ اور ایسے افراد جو ویزے کی مُدت ختم ہونے کے بعد بھی یہاں غیر قانونی طور پر مقیم ہیں‘ اور اُنہیں ملازمتوں اور روزگار کے حصول میں دُشواری کا سامنا ہے‘ وہ اپنے غیر قانونی قیام کو ویزے کی توسیع میں بدلوا کر قانونی طریقے سے بلا خوف و خطر بہتر معاشی مواقع سے بھر پور فائدہ اُٹھا سکتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :