امریکی و بھارتی لابی ن لیگ کے ساتھ ہے،حامد رضا

پاکستان کے اندرونی و بیرونی دشمن نواز شریف کے حامی ہیں، انتخابات میں غلامان رسول سرخرو ہوں گے شریف خاندان نے جمہوریت کو بادشاہت میں بدل دیا ہے،ضعیم قادری جیسے گھر کے بھیدی نے لنکا ڈھا دی ہے، صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو

جمعہ 22 جون 2018 22:29

امریکی و بھارتی لابی ن لیگ کے ساتھ ہے،حامد رضا
فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 جون2018ء) سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ امریکی و بھارتی لابی ن لیگ کے ساتھ ہے۔ پاکستان کے اندرونی و بیرونی دشمن نواز شریف کے حامی ہیں، انتخابات میں غلامان رسول سرخرو ہوں گے۔ مودی کے یاروں کو ووٹ دینا ملک سے غداری ہو گی۔ شریف خاندان نے جمہوریت کو بادشاہت میں بدل دیا ہے۔

ضعیم قادری جیسے گھر کے بھیدی نے لنکا ڈھا دی ہے۔ پنجاب حکومت کے سابق ترجمان کی بغاوت ن لیگ کے اندرونی انتشار کی دلیل ہے۔ پاکستان میں ڈیموکریسی لوٹا کریسی اور ایجنٹو کریسی بن چکی ہے۔ انتخابات کے نتیجے میں تبدیلی نہ آئی تو خونی انقلاب آئے گا۔ ملک بچانے کے لئے جاگیرداروں اور سرمایہ داروں کا گٹھ جوڑ توڑنا ضروری ہے۔

(جاری ہے)

چند خاندان ستر سال سے باری باری حکمرانی کر رہے ہیں۔

25 جولائی عوام کے شعور کے امتحان کا دن ہے۔ گیم ن لیگ کے ہاتھ سے نکل چکی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ رضویہ میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ پچھلے الیکشن کا پولنگ سٹاف تبدیل کیا جائے۔ شفاف الیکشن کے لئے نگران حکومت کے اب تک کے اقدامات سے مطمئن نہیں ہیں۔ شریف خاندان کے وفادار سرکاری افسروں کے تبادلے کئے جائیں۔

ہماری حکمران اشرافیہ بدمعاشیہ بن چکی ہے۔ ووٹرز نے ووٹ کا درست استعمال نہ کیا تو اگلے پانچ سال پچھتائیں گے۔ عوام ختم نبوت سے غداری کرنے والوں سے نفرت کرتی ہے۔۔ صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ 25 جولائی کو نوٹوں کی سیاست دفن کر دیں گے۔ اسلام اور پاکستان سے محبت کرنے والا ہر فرد ہمارے ساتھ ہے۔ ہماری سیاست مفادات نہیں نظریات کے لئے ہے۔ پیسے کے زور پر الیکشن جیتنے کے خواب دیکھنے والے کامیاب نہیں ہو سکتے۔