کراچی ،سابق سفارتکار جمشید مارکر کی ملک و قوم کے لئے طویل خدمات انجام دیں ، وسیم اختر

انہیں دنیا میں طویل ترین مدت تک سب سے زیادہ ممالک میں سفیر رہنے کا اعزاز حاصل ہوا، جمشید مارکر نے پاکستان کے پہلے وزیراعظم قائد ملت نوابزادہ لیاقت علی خان کی دعوت پر سفارتکاری کا شعبہ اپنایا،میئر کراچیسسس

جمعہ 22 جون 2018 22:29

کراچی ،سابق سفارتکار جمشید مارکر کی ملک و قوم کے لئے طویل خدمات انجام ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 جون2018ء) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ سابق سفارتکار جمشید مارکر کی ملک و قوم کے لئے طویل خدمات انجام دیں ، انہیں دنیا میں طویل ترین مدت تک سب سے زیادہ ممالک میں سفیر رہنے کا اعزاز حاصل ہوا، جمشید مارکر نے پاکستان کے پہلے وزیراعظم قائد ملت نوابزادہ لیاقت علی خان کی دعوت پر سفارتکاری کا شعبہ اپنایا اور دنیا کے مختلف ممالک میں بحیثیت سفیر اور ہائی کمشنر پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے انہوں نے ملک و قوم کے لئے بہترین خدمات انجام دیں، یہ بات انہوں نے جمعہ کی شام سابق پاکستانی سفیر آنجہانی جمشید مارکر کے انتقال پر ان کی رہائش گاہ پر ان کی صاحبزادی نیلوفر مارکر اور ان کے اہلخانہ سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہی، میٹروپولیٹن کمشنر ڈاکٹر سید سیف الرحمن، سینئر ڈائریکٹر کوآرڈینیشن مسعود عالم، ڈائریکٹر میڈیا مینجمنٹ علی حسن ساجد بھی ان کے ہمراہ تھے۔

(جاری ہے)

میئر کراچی نے کہا کہ جمشید مارکر 1964 ء میں افریقی ملک گھانا میں بطور سفیر اپنے سفارتی کیریئر کا آغاز کیا اور 1986 ء سے 1988 ء تک امریکہ میں پاکستان کے سفیر جبکہ 1994 ء تک اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب کے طور پر خدمات انجام دیں۔ آنجہانی جمشید مارکر اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کوفی عنان کے معاون خصوصی رہے دوران سروس ستارہ قائد اعظم ، ستارہ امتیاز اور دیگر کئی اعزازات سے بھی انہیں نوازا گیا، جمشید مارکر کو کرکٹ سے بھی خصوصی لگائو تھا اور سفارتکاری کے شعبے میں آنے سے قبل وہ کرکٹ کمنٹیٹر بھی رہے، پاکستانی قوم جمشید مارکر کی خدمات کو فراموش نہیں کرسکتی۔

میئر کراچی نے اس موقع پر کہا کہ وہ کراچی کی کسی شاہراہ ، لائبریری یا کھیل کے میدان کو جمشید مارکر کی شاندار خدمات کے اعتراف کے طور پر ان کے نام سے منسوب کیا جائے گا اور بلدیہ عظمیٰ کراچی کے زیر اہتمام آنجہانی جمشید مارکر کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے تعزیتی پروگرام کا انعقاد بھی کرے گی۔ میئر کراچی نے کہا کہ کراچی سے گزشتہ دو روز میں دو انتہائی اہم شخصیات معروف مزاح نگار مشتاق احمد یوسفی اور جمشید مارکر کا چلے جانا کراچی کو سوگوار کرگیا ہے۔#