پنجاب بھر میں پبلک ٹرانسپورٹ کرایوں میں اضافہ کر دیا گیا

سٹاپ ٹو سٹاپ کرایہ 11روپے سے 15روپے ، عوام سراپا احتجاج ،ٹرانسپورٹرز کا اظہار تشکر

جمعہ 22 جون 2018 22:12

پنجاب بھر میں پبلک ٹرانسپورٹ کرایوں میں اضافہ کر دیا گیا
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جون2018ء) پنجاب ٹرانسپورٹ ڈیپارٹمنٹ نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کے بعد پنجاب بھر میں پبلک ٹرانسپورٹ کرایوں میں اضافہ کر دیا ،راولپنڈی میں سٹاپ ٹو سٹاپ کرایہ 11روپے سے 15روپے کر دیا گیا ،کرایوں میں اضافے پر عوام سراپا احتجاج بن گئے ،ٹرانسپورٹرز کا اظہار تشکر ۔اے پی پی کو دستیاب معلومات کے مطابق پنجاب ٹرانسپورٹ ڈیپارٹمنٹ نے قبل ازیں پبلک ٹرانسپورٹ کرایوں میں 2016میں اضافہ کیا تھا جس کے بعد پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں متعدد مرتبہ اتار چڑھائو آیا جبکہ نگران حکومت نے رواں ماہ کی 10تاریخ کو پٹرول کی قیمت میں 4روپے فی لٹر کا اضافہ کیا تھا جس کے بعد ٹرانسپورٹرز نے ازخود کرایوں میں اضافہ کردیا تھا تاھم ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کی جانب سے زائد کرایوں کی وصولی میں ملوث ٹرانسپورٹرز کے خلاف بھرپور کارروائی کی گئی ۔

(جاری ہے)

پنجاب ٹرانسپورٹ ڈیپارٹمنٹ نے اس ضمن میں ٹرانسپورٹ نمائندوں کی مشاورت سے پنجاب بھر میں نظر ثانی شدہ کرایہ نامہ جا ری کردیا جس کا اطلاق فوری طور پر کر دیا گیا ۔پنجاب ٹرانسپورٹ ڈیپارٹمنٹ کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق نان اے سی انٹر سٹی روٹ (پکے ہموار روڈ )کا فی کلومیٹر کرایہ .69پیسے سے بڑھا کر .93پیسے ،کچے ہموار روڈ پر چلنے والی ٹرانسپورٹ .73پیسے فی کلو میٹر سے بڑھا کر .98پیسے فی کلومیٹر کر دیا گیا ہے جبکہ پہاڑی علاقوں کی ٹرانسپورٹ کا کرایہ .77پیسے فی کلو میٹر سے بڑھا کر ایک روپے چار پیسے فی کلو میٹر کر دیا گیا ہے ۔

ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی راولپنڈی کے سیکرٹری خالد یامین ستی نے قومی خبر ایجنسی کو بتایاکہ پنجاب ٹرانسپورٹ ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے نوٹیفکیشن کے اجراء کے بعد اندرون شہر و جڑواں شہروں کے مابین چلنے والی ٹرانسپورٹ کے لیے نظر ثانی شدہ کرایہ نامہ جاری کر دیا گیا ہے جس کے تحت صفر سے 4کلو میٹر تک کاکرایہ 11روپے سے بڑھا کر 15روپے ، .1 4سے 8کلومیٹر تک کا کرایہ 12روپے سے بڑھا کر 16روپے ، .1 8سے 14کلومیٹر تک کا کرایہ 15روپے سے بڑھا کر 20روپے ،14.1کلومیٹر سے 22کلومیٹر تک کرایہ 18روپے سے بڑھا کر 24روپے ،22.1کلومیٹر سے لے کر 30کلومیٹر تک کاکرایہ 21روپے سے بڑھا کر 28روپے کر دیا گیا ہے جبکہ 30.1کلومیٹرسے زائد فاصلے کا کرایہ 26روپے سے بڑھا کر 35روپے کر دیا گیا ہے ۔

سیکرٹری خالد یامین ستی نے اے پی پی سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ نظر ثانی شدہ کرائے سے زائد کرائے کی وصولی میں ملوث ٹرانسپورٹرز کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی اور اس ضمن میں ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کی خصوصی چھاپہ مار ٹیمیں بھی تشکیل دے دی گئی ہیں جو کہ زائد کرایوں کی وصولی میں ملوث ٹرانسپورٹرز کے خلاف موقع پر کارروائی کریں گی ۔ٹرانسپورٹ کرایوں میں اضافے پر متحدہ ٹرانسپورٹ یونین کے عہدیداروں نے اے پی پی سے بات چیت کرتے ہوئے خوش آئند قرار دیا تاھم کہا ہے کہ مہنگائی کے تناسب سے کرایوں میں اضافہ نہیں کیا گیا جبکہ سپیئر پارٹس کی قمیتوں میں بھی بے تحاشا اضافہ ہو چکا ہے۔

ٹرانسپورٹرز نے کہاکہ قبل ازیں 2016میں کرایہ نامہ جاری کیا گیا تھا دوبرس میں مہنگائی میں کئی گنا اضافہ ہو چکا ہے ۔دوسری جانب ٹرانسپورٹ کرایوں میں اضافے پر عوام سراپا احتجاج بن گئے اور کہاکہ حکومت نے سٹاپ ٹو سٹاپ کرائے میں یکمشت 4روپے کا اضافہ کر کے عوام پر پٹرول کے بعد ایک اور بم گرا دیا ہے ۔شہریوں نے اے پی پی سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ کرایوں میں اضافے سے تنخواہ دار طبقے کا ماہانہ بجٹ غیر متوازن ہو جائے گا ۔