ڈاکٹر فاروق ستار کی جانب سے آر اوز کیخلاف حلقہ 245 سے کاغذات مسترد ہونے کیخلاف اپیل کی درخواست دائر

ہماری آپس کی لڑائی سے لوگ مایوس ہوگئے تھے جو لوگ اس خوش فہمی میں مبتلا تھے کہ ایم کیو ایم ختم ہوگئی اب وہ خود مایوس ہوں گے، فاروق ستار کی گفتگو

جمعہ 22 جون 2018 21:50

ڈاکٹر فاروق ستار کی جانب سے آر اوز کیخلاف حلقہ 245 سے کاغذات مسترد ہونے ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 جون2018ء) سندھ ہائی کورٹ میں الیکشن اپیل ٹریبونل میں ایم کیو ایم کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار کی جانب سے آر اوز کیخلاف حلقہ 245 سے کاغذات مسترد ہونے کیخلاف اپیل کی درخواست جمعہ کودائر کردی گئی، جبکہ فاروق ستار نے کہا کہ ہائی کورٹ میں اپیل دائر کرنے آیا ہوں جب میں نے 28 مقدمات میں ضمانت کروائی دو ان دو میں کیوں نہ کرواتا۔

ایم کیو ایم کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار کی جانب سے سندھ ہائی کورٹ میں آر اوز کے فیصلوں کیخلاف اپیل دائر کرادی گئی، اپیل میں یہ موقف اختیار کیا گیا تھا کہ آر اوز نے حلقہ 245 سے میرے کاغذات نامزدگی مسترد کردیئے تھے اور بتایا گیا تھا کہ آپ کیخلاف دو مقدمات ہیں، جس میں مفروری ظاہر نہیں کی گئی تھی جس بنا پر میرے کاغذات نامزدگی مسترد کئے گئے تھے۔

(جاری ہے)

جبکہ مقامی عدالت نے دونوں مقدمات میں ضمانت منظور کرلی ہے، اپیل دائر کرنے کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے فاروق ستار نے کہا کہ جب بھی اس کیس کی سماعت ہوگی مجھے امید ہے میرے کاغذات منظور ہوجائیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں فاروق ستار نے کہاکہ میری کوئی جائیداد ہی نہیں ہے، بس کچھ ایسے دوست ہیں جو مدد کردیتے ہیں۔ ہمارا مشن مہذب لوگوں کو آگے لانا ہے جو ناراض لوگ تھے وہ اب ایم کیو ایم میں واپس آرہے ہیں۔فاروق ستار نے مزید کہا کہ ہماری آپس کی لڑائی سے لوگ مایوس ہوگئے تھے جو لوگ اس خوش فہمی میں مبتلا تھے کہ ایم کیو ایم ختم ہوگئی اب وہ خود مایوس ہوں گے۔#