چاغی میں ایران سے آنے والی مال بردار ٹرین مٹی کے طوفان کے سبب پھنس گئی

گینگ مینوں نے ٹی ڈی اے ملنے تک پٹڑی صاف کرنے سے انکار کر دیا

جمعہ 22 جون 2018 21:29

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جون2018ء) بلوچستان کے ضلع چاغی میں ایران سے آنے والی مال بردار ٹرین مٹی کے طوفان کے سبب پھنس گئی ، گینگ مینوں نے ٹی ڈی اے ملنے تک پٹڑی صاف کرنے سے انکار کر دیا ، ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ ٹریک کی صفائی کا کام جاری ہے جلد ٹرین کو روانہ کیا جائیگا۔

(جاری ہے)

مال بردار ٹرین زاہدان ایکسپریس دو روز قبل ایران سے کوئٹہ آرہی تھی کہ چاغی کی تحصیل دالبندین میں پدک کے مقام پر مٹی کا طوفان آنے کی وجہ سے ریلوے ٹریک دھنس گیا اور حادثے سے بچنے کے لئے ڈرائیور کو ٹرین اسی مقام پر روکنا پڑی ، گینگ مینوں نے ہڑتال کی وجہ سے ٹریک صاف کرنے سے انکار کر دیا ، گینگ مینوں کا کہنا تھا کہ جب تک ٹی اے ڈی اے نہیں ملتا ٹریک صاف نہیں کریں گے،تاہم ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ گینگ مینوں کی ہڑتال کی خبر درست نہیں ، ریلوے ٹریک کی صفائی کا کام جاری ہے جلد ٹریک صاف کرکے مال بردار ٹرین کو روانہ کیا جائے گا۔