نواز شریف کی نیب ریفرنسز پر ایک ساتھ حتمی دلائل کی درخواست غیر مؤثر قرار

جمعہ 22 جون 2018 21:22

نواز شریف کی نیب ریفرنسز پر ایک ساتھ حتمی دلائل کی درخواست غیر مؤثر ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جون2018ء) ہائی کورٹ نے سابق وزیراعظم نوازشریف کی احتساب عدالت میں زیر سماعت تین ریفرنسز میں ایک ساتھ حتمی دلائل سے متعلق اپیل غیر موثر قرار دے کر نمٹا دی۔سابق وزیراعظم کی جانب سے احتساب عدالت میں زیرسماعت تینوں ریفرنسز میں حتمی دلائل ایک ساتھ دینے کی اپیل دائر کی گئی تھی جس پر دو رکنی بینچ نے گزشتہ روز محفوظ کیا گیا فیصلہ جمعہ کو سنادیا۔

عدالت نے فیصلے میں کہا کہ نواز شریف کے وکیل ایون فیلڈ ریفرنس میں حتمی دلائل کا آغاز کر چکے ہیں اس لیے درخواست گزار کی اپیل غیر مؤثر ہوچکی ہے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل ڈویژن بینچ نے گزشتہ روز محفوظ کیا گیا فیصلہ سنایا۔

(جاری ہے)

اس سے قبل نواز شریف نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں تینوں ریفرنسز یکجا کرنے کی درخواست کی تھی جسے اسی عدالت نے مسترد کردیا تھا۔

یاد رہے کہ اسلام آباد کی احتساب عدالت میں نواز شریف کے خلاف تین ریفرنسز زیرسماعت ہیں جو لندن فلیٹس (ایون فیلڈ پراپرٹیز)، فلیگ شپ انویسٹمنٹ اور العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس کے نام سے ہیں۔سپریم کورٹ نے بھی احتساب عدالت کو شریف خاندان کے خلاف نیب ریفرنسز کا فیصلہ ایک ماہ میں سنانے کا حکم دے رکھا ہے۔