ہم تاریخ کے مشکل اور سخت دور سے گزررہے ہیں ، اقبال ظفر جھگڑا

قومیںایسے حالات میں ثابت قدم رہتی ہیں وہ آگے بڑھتی ہیں اوروہ اعلیٰ مقام حاصل کرتی ہیں جن کا دوسرے صرف تمنا کرتے ہیں، گورنر خیبر پختونخوا

جمعہ 22 جون 2018 21:03

ہم تاریخ کے مشکل اور سخت دور سے گزررہے ہیں ، اقبال ظفر جھگڑا
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 جون2018ء) گورنر خیبر پختونخوا انجنئیر اقبال ظفر جھگڑا نے کہا ہے کہ ہم تاریخ کے مشکل اور سخت دور سے گزررہے ہیں لیکن ہمیں اس سے ہر گزگھبرانا نہیں کیونکہ یہ انہونی بات نہیں بلکہ تاریخ گواہ ہے کہ تمام بڑی قومیں ایسے ہی مشکل حالات سے گزری ہیں۔انہوںنے مزید کہا کہ جو قومیںایسے حالات میں ثابت قدم رہتی ہیں وہ آگے بڑھتی ہیں اوروہ اعلیٰ مقام حاصل کرتی ہیں جن کا دوسرے صرف تمنا کرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ مایوس ہونے کی قطعاً ضرورت نہیں ایسے حالات بہادروں کو سرخرو کرتے ہیں اور ہم نے حال ہی میں کئی مواقع پر یہ ثابت بھی کردکھایاہے کہ ہم بہادر اور حوصلہ مند قوم ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ انہیں امید ہے کہ ہمارے نوجوان اپنی صلاحیتوںکے بل بوتے پر اپنے مقاصد کے حصول ،معاشرے کی بہتری اور پاکستان کی ترقی کے لئے ایمانداری اور دیانتداری کے ساتھ کام کرکے دنیا میں اعلیٰ مقام حاصل کریں گے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز کوہاٹ یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کوہاٹ کے 10ویں کانووکیشن سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔کانووکیشن سے یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر جمیل احمدنے بھی خطاب کیا اور یونیورسٹی کی کامیابیوں کو اجاگر کیا۔اس موقع پر دوسروں کے علاوہ سابق گورنر خیبر پختونخوا لیفٹیننٹ جنرل (ر)سید افتخارحسین شاہ، ڈپٹی کمشنر کوہاٹ خالد الیاس،فیکلٹی ڈینز،پروفیسرز،والدین اور طلبہ کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔

گورنر جو یونیورسٹی کے چانسلر بھی ہیں نے طلبہ میں 48گولڈمیڈلزاور 230ڈگریاں تقسیم کیں۔اقبال ظفر جھگڑا نے کہا کہ ہمارے پیارے وطن پاکستان کو توانائی کی کمی،اربن مینیجمنٹ،انفراسٹرکچرل ڈیویلپمنٹ،تعلیمی اداروں اور انڈسٹری کے مابین خلاء اور سی پیک کے تناظر میں ملک اور خطے میں ترقی کے امکانات اور مواقع جیسے چیلنچز کا سامناہے اس لئے ہمیں اپنی قوم کی خدمات کا پہلے سے کہیں زیادہ ضرورت ہے۔

گورنر نے طلبہ کو مخاطب کرتے ہوئے انہیں مبارکباد دی اور کہا کہ ڈگری کے حصول کے بعد یہ آپ کی حقیقی عملی زندگی کی شروعات ہیںاور آپ اپنے اپنے شعبوں کے نوجوان انجنئیر ہیں۔زندگی کا یہ حصہ آپ سے آپ کی اپنی، آپ کے خاندانوں کی اور سب سے بڑھ کر سوسائٹی اور پیارے وطن پاکستان کی ذمہ داریوں کی پہچان اور حقیقتوں کا تقاضا کرتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ جہاں آج ہم کھڑے ہیں یہ انسان کی انتھک کوششوں کا نتیجہ ہے۔

ترقی کا سفر کا کبھی نہیں رکتاتاہم اس کے لئے جہد مسلسل کی ضرورت ہے۔ان کا کہنا تھا کہ عالمی سفر کا حصہ ہونے کے ناطے آپ اپنے آپ پر فخر کریں اور یہ جانیں کہ انجنیئرصرف مشینوں،ڈیزائنز یا سرکٹ بورڈز سے کام نہیں کرتا اور انجنیئرنگ کو سائنس اور میتھس کو اچھی طرح سمجھنے کی ضرورت نہیںہوتی بلکہ ایک انجنیئرکو معاشرے کے تناظر میں اپنے کردار کا تعین کرناپڑتاہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے نوجوانوں پر فخر ہے اور انہوں نے ہی مستقبل کی بھاگ ڈور سنبھالنی ہے۔