ساہیوال میونسپل کارپوریشن نے مختلف ٹھیکوں کی نیلامی کی منظوری دے دی

جمعہ 22 جون 2018 20:58

ساہیوال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 جون2018ء) میونسپل کارپوریشن نے مختلف ٹھیکوں کی نیلامی کی منظوری دے دی ۔ اڈہ فیس بس سٹینڈ عارفوالا چوک کی ریکارڈ نیلامی 96لاکھ 50ہزار روپے ہوئی جو گزشتہ سال کی نسبت 31لاکھ 50ہزار روپے زائد ہے ۔ موٹرسائیکل رکشہ سٹینڈ کا ٹھیکہ 14لاکھ روپے جو گزشتہ سال سے 3لاکھ روپے زائد ہے جبکہ ٹھیکہ پارکنگ سٹینڈ دفتر نادرا 2 لاکھ 50ہزار روپے اور ٹھیکہ پارکنگ سٹینڈ تحصیل آفس 2لاکھ روپے ہے جو پہلی مرتبہ ہوا ہے ۔

یہ منظوری ڈپٹی میئر وکنوینئر چوہدری ساجد نعیم ہیپی کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں دی گئی ۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اسد علی خان بلوچ نے کہا کہ تمام ٹھیکوں کی نیلامی میرٹ پر شفاف انداز میں ہوئی ہے ۔ ہمیں سابقہ معاملات کی بجائے مثبت انداز میں آگے بڑھنا چاہئے ۔

(جاری ہے)

تمام ممبران کی مشاورت کے ذریعے ہائوس کو احسن انداز سے چلا یا جارہاہے اور مثبت تنقید کا خیر مقدم کرتے ہوئے ممبران کی تجاویز پر عملدرآمد کرکے معاملات کو مزید بہتر کرکے شہریوں کو بنیادی سہولتیں دیکر انہیں ریلیف فراہم کیاجارہاہے ۔

انہوںنے کہاکہ اگر اسی طرح اقدامات جاری رہے تو نہ صرف ہائوس کی عزت ہو گی بلکہ ہم پر کوئی انگلی نہیں اٹھا سکے گا اور ہم کامیابی سے منزل کی طرف رواں دواں رہیں گے ۔ اجلاس میں مسعود خان مہمند کی قرارداد سنیٹری ورکرز کے ریٹائر ہونے سے سیوریج کے مسائل پیدا ہونے اورکمپنی سے سنیٹری ورکرز اور ایک مکینیکل سویپر خریدنے کی منظوری بھی دی گئی ۔