پختون قوم اپنے لئے مخلص اوردیانتدار امیدواروں کا چنائو کرے، سکندر شیر پائو

صوبہ کو تبدیلی کے نام پر گھنڈرات بنانے والے اس بار انتخابات میں بری طرح شکست کا سامنا کریں گے ، عوامی اجتماع سے خطاب

جمعہ 22 جون 2018 20:44

پختون قوم اپنے لئے مخلص اوردیانتدار امیدواروں کا چنائو کرے، سکندر ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 جون2018ء) قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین سکندر حیات خان شیرپائو نے کہا ہے کہ آنے والے انتخابات پختون قوم کے پاس ایک بہت اہم موقع ہے کہ وہ اپنے لئے مخلص اوردیانتدار امیدواروں کا چنائو کریں اور اب وقت آگیاہے کہ وہ اپنے ووٹ کے ذریعے کرپٹ ،غیر سنجیدہ اور نااہل لوگوں کا صفایا کریں گے۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے حلقہPK-59چارسدہ میں ایک انتخابی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر قومی وطن پارٹی PK-59کے امیدوار الحاج ہاشم خان اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔سکندر شیرپائو نے کہا کہ صوبہ کو بے تحاشہ مسائل کا سامنا ہے اور اس کی سب سے بڑی وجہ گزشتہ پانچ سالوں میں یہاں پر نااہل حکمرانوں اور ان کی غلط طرز حکمرانی کا نتیجہ ہے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ پختون قوم اب باشعور ہو چکی ہیں اور وہ مزید تبدیلی اور دیگر پر فریب نعروں سے دھوکہ ہونے والے نہیں ۔

انھوں نے کہا کہ صوبہ کو تبدیلی کے نام پر گھنڈرات بنانے والے اس بار انتخابات میں بری طرح شکست کا سامنا کریں گے کیونکہ ان کے پاس الیکشن پروگرام میں عوام کو دکھانے کیلئے کچھ نہیں ۔انھوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر برپا کرنے والی تبدیلی عوام کے سامنے عیاں ہو چکی ہے جس کا حقیقت میں کوئی نام و نشان نہیں ۔انھوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ اپنی بہتری اور صوبہ کی تعمیر و ترقی کو مد نظر رکھتے ہوئے اپنے ووٹ کے ذریعے ایسے نمائندوں کو منتخب کرے جو صوبے کے زمینی حقائق اور پختونوں کے روایات اور مسائل سے واقف ہوں۔