نگران وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری سے نگران صوبائی وزیر برائے صنعت، تجارت و سرمایہ کاری انجم نثارکی ملاقات

نگران حکومت مکمل طور پر غیرجانبدار ، ہمارا کوئی سیاسی ایجنڈا نہ تھا ،نہ ہے اور نہ ہی ہوگا،ڈاکٹر حسن عسکری غیر جانبدار رہ کر شفاف طریقے سے عام انتخابات کا انعقاد یقینی بنائیں گے ،ہماری کارکردگی خود غیرجانبداری کی گواہی دے گی صنعت اور سرمایہ کاری کے شعبوں کو پائیدار بنیادوں پر فروغ دے کر بیروزگاری، افلاس اور غربت کے مسائل حل کئے جاسکتے ہیں محدود مدت میں اپنے مینڈیٹ کے اندر رہتے ہوئے عوام کو ریلیف دینے کے لئے اقدامات کریں گے،نگران وزیراعلیٰ

جمعہ 22 جون 2018 20:44

نگران وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری سے نگران صوبائی وزیر برائے صنعت، ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 جون2018ء) نگران وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری نے کہا ہے کہ نگران حکومت مکمل طور پر غیرجانبدار ہے اور ہمارا کوئی سیاسی ایجنڈا نہ تھا ،نہ ہے اور نہ ہی ہوگا۔ مکمل غیر جانبدار رہ کر شفاف اور منصفانہ طریقے سے عام انتخابات کا انعقاد یقینی بنائیں گے اور ہماری کارکردگی خود غیرجانبداری کی گواہی دے گی۔

عام انتخابات کے آزادانہ، منصفانہ اور شفاف انعقاد کو یقینی بنانے کے لئے متعلقہ محکموں اور اداروں کو جانفشانی اور محنت سے فرائض سرانجام دینا ہیں اور اس ضمن میں ہر طرح کے وسائل بروئے کار لا کر قومی ذمہ داری کو بطریق احسن ادا کرنا ہے۔ نگران وزیراعلیٰ ڈاکٹر حسن عسکری نے ان خیالات کا اظہار نگران صوبائی وزیر برائے صنعت، تجارت و سرمایہ کاری، آبپاشی، معدنیات و زکوٰة و عشر انجم نثارسے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے جمعہ کووزیراعلیٰ آفس میں نگران وزیراعلیٰ سے ملاقات کی۔

(جاری ہے)

نگران وزیراعلیٰ نے صنعتی شعبہ کی ترقی کو معیشت کیلئے ریڑھ کی ہڈی قرار دیتے ہوئے کہا کہ صنعت، تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ سے بے روزگاری، افلاس اور غربت کے مسائل حل کئے جاسکتے ہیں اور یہ تمام شعبے قومی تعمیر نو میں کلیدی اہمیت رکھتے ہیں۔صنعتی سیکٹر معیشت کی مضبوطی اور روزگار کی فراہمی میں اہم کردار ادا کرتا ہے اور صنعتیں لگنے سے ہی روز گار کے نئے مواقع پیدا ہوتے ہیں او رمعیشت مضبوط ہوتی ہے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ انڈسٹریز کو واٹر ٹریٹمنٹ، لیبر لاز اور دیگر قواعد و ضوابط کا پابند بنانے کیلئے اقدامات کئے جائیں۔ قوانین پر عملدرآمد کرانا متعلقہ محکموں اور انتظامیہ کی ذمہ داری ہے۔ ماحولیاتی قواعد و ضوابط پر بھی عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ متعلقہ محکمے فرض شناسی اور محنت سے کام کریں۔ انہوںنے کہا کہ سرمایہ کاری کے باعث ملک میں معاشی و تجارتی سرگرمیاں بڑھتی ہیں ،روزگار کے لاکھوں نئے مواقع پیدا ہوتے ہیں ،سرمایہ کاری غربت اوربے روزگار ی مسائل پر قابو پانے میں سودمندثابت ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے لئے سرمایہ کاروں کو ساز گار ماحول مہیا کرنا نہایت ضروری امر ہے۔اگر سرمایہ کاروں کو سرمایہ کاری کیلئے ساز گار ما حول مہیا کیا جائے گا تو سرمایہ کاروں کا رجحان بڑھے گا اور ملکی معیشت مزید بہتر ہو گی۔ملکی معیشت کے استحکام اور بہتری کیلئے ملک میں امن وا مان کی صورتحال بھی نہایت اہم ہے۔ امن و امان کی صورتحال بہتر ہونے سے ملک میں معاشی و تجارتی سر گرمیاں بڑھیں گی۔انہوں نے کہا کہ محدود مدت میں اپنے مینڈیٹ کے اندر رہتے ہوئے عوام کو ریلیف دینے کے لئے اقدامات کریں گے۔